Oct 13, 2023
پنجاب پولیس شہریوں کو خدمات کی فراہمی پر سٹیزن فیڈ بیک لینے والا پاکستان کی پولیس سروسز کا پہلا ادارہ بن گیا ہے۔ آئی جی پنجاب ڈاکٹر عثمان انور نے سنٹرل پولیس آفس میں منعقدہ ایک تقریب میں پولیس فیڈ بیک مینجمنٹ سسٹم کا افتتاح کیا، نجی انٹرنیشنل کمپنی کے سی ای او سلیم غوری کی افتتاحی تقریب میں خصوصی طور پر شرکت کی۔ ڈی آئی جی آئی ٹی احسن یونس نے آئی جی پنجاب ڈاکٹر عثمان انور کو پولیس فیڈ بیک مینجمنٹ سسٹم کے اغراض و مقاصد بارے بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ پنجاب پولیس نے شہریوں کو اپنی سروسز کے ساتھ فیڈ بیک کے لئے کیو آر کوڈ بھی جاری کیا ہے، شہری پولیس خدمت مرکز، فرنٹ ڈیسک، تحفظ مرکز،ٹریفک اور دیگر پولیس دفاتر، پنجاب پولیس کی ویب سائٹ،پبلک ایپ اور دیگر محکمانہ دستاویزات پر پرنٹ کیوآر کوڈ کو سکین کرکے اپنی آراء دے سکتے ہیں۔
آئی جی پنجاب ڈاکٹر عثمان انور نے کہاکہ کیو آر کوڈ کے ذریعے شہری پولیس خدمات کے معیار، ممکنہ شکایات کے حوالے سے براہ راست فیڈ بیک دے سکتے ہیں،شہریوں سے حاصل کردہ فیڈ بیک کی روشنی میں پولیس سروسز کا معیار مزید بہتر بناتے ہوئے نقائص دور کئے جائیں گے۔ آئی جی پنجاب ڈاکٹر عثمان انور نے کہاکہ پولیس سروسز کا معیار جانچنے اور شہریوں کا فیڈ بیک لینے کیلئے روبو کالز کا سلسلہ بھی جاری ہے اور 96 فیصد سے زائد شہریوں نے روبو کالز کے ذریعے پولیس کریکٹر سرٹیفیکیٹ سروسز بارے مکمل اطمینان کا اظہار کیا ہے۔
***********
