انسپکٹرجنرل پولیس پنجاب ڈاکٹر عثمان انور نے کہا ہے کہ صوبے کے تمام اضلاع میں قائم پولیس تحفظ مراکزسماجی مسائل کے شکار شہریوں بالخصوص ٹرانسجینڈرز، خواتین، بچوں اورسپیشل افراد کی مدد و بحالی کیلئے مصروف عمل ہیں جس سے ہرشہر میں ہزاروں شہری مستفید ہورہے ہیں۔ آئی جی پنجاب نے مختلف مسائل کے شکار خواجہ سراؤں، گھریلو و ورکنگ ویمن اور بچوں کے سماجی تحفظ کیلئے اقدامات جار ی رکھنے کا حکم دیتے ہوئے کہاکہ مختلف سرکاری و نجی اداروں کے تعاون سے مشکلات کے شکار تمام شہریوں کے مسائل کا ازالہ کیا جائے۔ آئی جی پنجاب نے مزیدکہاکہ تحفظ مراکز کمیونٹی پولیسنگ کے حوالے سے پنجاب پولیس کا برینڈ پراجیکٹ ہیں اس کے پلیٹ فارم سے زیادہ سے زیادہ شہریوں کو تحفظ فراہم کیا جائے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے آج سنٹرل پولیس آفس میں پولیس تحفظ مرکز بہاولنگر کی چھ ماہ کی کارکردگی کا جائزہ لیتے ہوئے کیا.
(روز نامہ نئ بات)
**********
