لاہور (کر ائم رپو رٹر) انسپکٹر جنرل پولیس پنجاب ڈاکٹر عثمان انور نے سنٹرل پولیس آفس میں کھلی کچہری کا انعقاد کیا، شہریوں اور پولیس ملازمین کے مسائل سن کر فوری ازالے کے احکامات جاری کئے، آئی جی پنجاب ڈاکٹر عثمان انور نے شہریوں کی درخواستوں پر ایکشن لیتے ہوئے متعلقہ آر پی اوز اور ڈی پی اوز سے رپورٹ طلب کی اور انصاف کی بلا تاخیر فراہمی کی ہدایات جاری کیں، آئی جی پنجاب نے ہدایت کی کہ ضلعی پولیس افسران شہریوں کی درخواستوں پر فوری کارروائی کرکے انہیں انصاف مہیا کریں، غریب، مستحق اور بزرگ و خواتین شہریوں کی درخواستوں پر ترجیحی ایکشن یقینی بنایا جائے۔آئی جی پنجاب نے کھلی کچہری میں پیش ہونے والے ملازمین کے مسائل بھی سنے۔ آئی جی پنجاب نے کہا کہ ٹرانسفر، پوسٹنگ، جزا و سزا اور ویلفیئر سے متعلقہ درخواستوں پر میرٹ کے مطابق ہر ممکن ریلیف دیا جائے۔ آئی جی پنجاب نے غازیوں اور دوران سروس انتقال کرنے والے ملازمین کے اہل خانہ کے مسائل بارے بھی احکامات جاری کئے۔
(روز نامہ پاکستان)
***********
