آئی جی پنجاب ڈاکٹر عثمان انور چین کا چار روزہ دورہ مکمل کرکے وطن واپس پہنچ گئے
سنٹرل پولیس آفس میں عید میلاد النبیﷺ کے سکیورٹی انتظامات بارے اہم جائزہ اجلاس کی صدارت کی
صوبہ بھر میں 1281 محافل اور 2510 ریلیوں و جلوسوں کی سکیورٹی کیلئے 46 ہزار سے زائد افسران و اہلکار فرائض سر انجام دیں گے
مذہبی ہم آہنگی اور امن و امان کی فضا برقرار رکھنے کیلئے علمائے کرام اور امن کمیٹیوں سے معاونت رکھی جائے۔ ڈاکٹر عثمان انور
جشن عید میلاد النبی کی ریلیوں کی صورت میں شاہرات پر ٹریفک روانی کیلئے اضافی وارڈنز تعینات کئے جائیں۔ ڈاکٹر عثمان انور
انسپکٹر جنرل پولیس پنجاب ڈاکٹر عثمان انور چین کا چار روزہ دورہ مکمل کرکے وفد کے ہمراہ وطن واپس پہنچ گئے ہیں۔ آئی جی پنجاب نے سنٹرل پولیس آفس میں جشن عید میلاد النبیﷺ کے سکیورٹی انتظامات کا جائزہ لینے کیلئے اجلاس کی صدارت کی، اجلاس میں صوبے کے تمام آر پی اوز،سی پی اوز، ڈی پی اوز نے بذریعہ ویڈیو لنک شرکت کی، اجلاس میں ایڈیشنل آئی جی آپریشنز شہزادہ سلطان نے جشن عید میلاد النبیﷺ کے سکیورٹی انتظامات بارے بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ عید میلاد النبی ﷺ کے موقع پر لاہور سمیت صوبہ بھر میں 1281 محافل اور 2510 ریلیوں و جلوس منعقد ہو رہے ہیں جن کی سکیورٹی کیلئے 46 ہزار سے زائد افسران و اہلکار فرائض سر انجام دیں گے۔صوبائی دارالحکومت لاہور میں جشن عید میلاد النبیﷺ کے موقع پر 267 جلوس، 250 محافل میلاد منعقد ہونگی جن کی سکیورٹی کیلئے 10 ہزار سے زائد افسران، اہلکار اور والنٹیرز سکیورٹی فرائض سر انجام دیں گے۔
آئی جی پنجاب ڈاکٹر عثمان انور نے آر پی اوز، سی پی اوز اور ڈی پی اوز کو صوبہ بھر میں عید میلادالنبیﷺ کی محافل اور جلوسوں کی سکیورٹی کیلئے فول پروف اقدامات کا حکم دیتے ہوئے کہا کہ لاہور سمیت صوبہ بھر میں جشن عید میلاد النبیﷺ کی مناسبت سے منعقدہ پُرنور محافل، ریلیوں اور جلوسوں کی سکیورٹی کیلئے بھرپور انتظامات کئے جائیں۔ ڈاکٹر عثمان انور نے کہاکہ اے، بی اور سی کیٹیگریز کے جلوسوں اور محافل کیلئے جاری کردہ ایس او پیز کے مطابق فول پروف سکیورٹی انتظامات کئے جائیں۔آئی جی پنجاب نے ہدایت کی کہ صوبائی دارالحکومت سمیت مختلف شہروں میں سیف سٹی کیمروں کی مدد سے محافل اور ریلیوں کی سکیورٹی مانیٹرنگ کی جائے، سنٹرل پولیس آفس اور حساس اضلاع میں تقریبات کی مانیٹرنگ کے لئے کنٹرول رومز 24 گھنٹے فعال رہیں گے، جلوسوں و ریلیوں کے کے دوران شاہرات پر متبادل روٹس سے ٹریفک کی ہموار روانی برقرار رکھنے کو مد نظر رکھا جائے تاکہ شہریوں کو کسی قسم کی مشکل یا پریشانی کا سامنا نہ کرنا پڑے۔ آئی جی پنجاب ڈاکٹر عثمان انور نے کہاکہ سی ٹی ڈی، سپیشل برانچ سکیورٹی انتظامات کے دوران ضلعی پولیس ٹیموں کو بھرپور معاونت فراہم کریں،مذہبی ہم آہنگی اور امن و امان کی فضا برقرار رکھنے کیلئے علمائے کرام اور امن کمیٹیوں کے ساتھ کلوز کوارڈی نیشن رکھیں۔ آئی جی پنجاب نے کہا کہ ہوائی فائرنگ و آتشبازی کرنے والوں کے خلاف قانونی کاروائی میں تاخیر نہ کی جائے۔ ایڈیشنل آئی جی آپریشنز شہزادہ سلطان، ڈی آئی جی آپریشنز وقاص نذیر اور اے آئی جی آپریشنز ڈاکٹر اسد اعجاز ملہی بھی کانفرنس میں موجود تھے۔
(ہینڈ آؤٹ نمبر 656 )
سیدمبشر حسین
ڈائریکٹر پبلک ریلیشن
پنجاب پولیس
***************************

Press Release Date:
Thursday, September 28, 2023