بیرون ملک مفرور اشتہاریوں کے گرد گھیرا تنگ، قتل کی واردات کے بعد فرانس فرار ہونے والا ایک اور اشتہاری گرفتار
رواں برس بیرون ملک سے گرفتار ہونے والے اشتہاریوں کی مجموعی تعداد 115 ہوگئی
انسپکٹر جنرل پولیس پنجاب ڈاکٹر عثمان انور کی ہدایت پر بیرون ملک مفرور خطرناک اشتہاریوں کی گرفتاریوں کیلئے انٹرپول کے تعاون سے پنجاب پولیس کا کریک ڈاؤن جاری ہے جس کے تسلسل میں قتل کی واردات کے بعد بیرون ملک مفرور ہونے والے اشتہاری کو گرفتار کر لیا گیا ہے ۔ تفصیلات کے مطابق بیرون ملک مفرور اشتہاریوں کے گرد گھیرا تنگ، فرانس فرار ہونے والا ایک اور اشتہاری گرفتار کر لیا گیا ، رواں برس بیرون ملک سے گرفتار ہونے والے اشتہاریوں کی مجموعی تعداد 115 ہوگئی ہے۔ قتل کے مقدمہ میں مطلوب خطرناک اشتہاری ناصر اقبال فرانس سے واپسی پر لاہور ائیر پورٹ پر گرفتار ہوا ، پنجاب پولیس نے ملزم کی گرفتاری کیلئے انٹرپول کے تعاون سے ریڈ نوٹس جاری کروایا تھا۔ ملزم ناصر اقبال کے خلاف مزید قانونی کاروائی عمل میں لائی جا رہی ہے۔
آئی جی پنجاب کی اے کیٹیگری خطرناک اشتہاری کی گرفتاری پر پولیس ٹیم کو شاباش ، کریک ڈاؤن کو مزید تیز کرنے کی ہدایت دیتے ہوئے کہا کہ قتل ، ڈکیتی ، اغواء برائے تاوان سمیت دیگر سنگین جرائم میں ملوث بیرون ملک مفرور اشتہاریوں کا تعاقب جاری رکھا جائے ۔ آئی جی پنجاب نے ہدایت کی کہ مدعیوں کے ساتھ قریبی رابطے اور موثر فالو اپ سے تمام اشتہاریوں کی گرفتاری کیلئے بھرپور کاوشیں کی جائیں ، انہوں نے کہا کہ ایف آئی اے ، انٹرپول اور دیگر اداروں کے ساتھ رابطہ کو بہتر بناتے ہوئے زیادہ سے زیادہ خطرناک اشتہاریوں کو پابند سلاسل کیا جائے۔
(ہینڈ آؤٹ نمبر 619 )
سیدمبشر حسین
ڈائریکٹر پبلک ریلیشن
پنجاب پولیس
***************************

Press Release Date:
Saturday, September 16, 2023