پاکستان طالبہ کا ہارورڈ یونیورسٹی جانا باعث اعزاز: آئی جی

Sep 13, 2023

انسپکٹر جنرل پولیس پنجاب ڈاکٹر عثمان انور نے ہارورڈ یونیورسٹی میں پاکستان کی نمائندگی کرنے والی طالبہ سیماب محمود کوشاندار خراج تحسین پیش کیا ہے۔ ٹریفک پولیس کے کانسٹیبل محمود احمد ورک کی بیٹی سیماب محمود فاطمہ جناح میڈیکل یونیورسٹی کی طالبہ ہیں،آئی جی پنجاب ڈاکٹر عثمان انور نے طالبہ سیماب محمود اور ان کے والد کانسٹیبل محمود احمد کو دفتر مدعو کرکے عزت افزائی کی،باہمت والد اور ہونہار بیٹی کے ساتھ ریکارڈ کروائے ویڈیو پیغام میں آئی جی پنجاب نے کہاکہ امریکہ کی ہارورڈ یونیورسٹی میں پاکستان کی طالبہ کا جانا ہمارے لئے باعث فخر ہے اورانتہائی خوشی کی بات یہ ہے کہ یہ اعزاز حاصل کرنے والی طالبہ پنجاب پولیس کے باہمت ٹریفک کانسٹیبل محمود احمد کی بیٹی ہیں۔آئی جی پنجاب ڈاکٹر عثمان انور نے کہاکہ سیماب محمود اور اسکے والد کانسٹیبل محمود کی محنت و قابلیت پولیس فورس کیلئے قابل تقلید مثال ہے۔ انہوں نے مزید کہاکہ اگر ایک کانسٹیبل کی بیٹی محدود وسائل کے باوجود اپنی محنت و ٹیلنٹ سے ہارورڈ یونیورسٹی پہنچ سکتی ہے تو پھر باقی کیوں نہیں؟؟ پولیس ملازمین کے بچوں کی اعلی تعلیم کیلئے جاری اقدامات بارے آئی جی پنجاب نے کہاکہ پنجاب پولیس کی قیادت نے چند ماہ میں ملازمین کے بچوں کی اعلی تعلیم کیلئے لاتعداد اقدامات اٹھائے ہیں، کانسٹیبلری کو چاہئیے کہ ان اقدامات سے فائدہ اٹھاتے ہوئے اپنے بچوں کو اعلی تعلیم دلوائیں۔ ڈاکٹر عثمان انور نے بتایا کہ کانسٹیبل اور شہداء کے بچوں کیلئے فارن سکالرشپس کا آغاز ہوچکا، مقامی نامور تعلیمی اداروں کے نیٹ ورکس کے ساتھ ایم او یو کئے گئے ہیں جس کے تحت شہداء کے بچوں کو بالکل فری جبکہ حاضر سروس اور ریٹائرڈ ملازمین کے بچوں کو فیس میں خصوصی رعایت میسر ہے جبکہ کالج اور یونیورسٹی لیول پر طلبا و طالبات کو سکالرشپس کی سہولت فراہم کی گئی ہے۔ طالبہ سیماب محمود نے ویڈیو کے دوران گفتگو کرتے ہوئے تمام والدین کو اپنے بچوں کی پڑھائی میں بھرپور حوصلہ افزائی کا پیغام دیا۔انہوں نے کہاکہ بچوں کو گھر سے ملنے والی حوصلہ افزائی ان میں مزید محنت اور آگے بڑھنے کا جذبہ پیدا کرتی ہے۔

(روز نامہ ایکسپریس)

**************