انسپکٹر جنرل پولیس پنجاب ڈاکٹر عثمان انور کی زیر صدارت ڈسٹرکٹ پولیس لائنز قلعہ گجر سنگھ میں سنٹرل ایگزیکٹو امن کمیٹی کا اجلاس منعقد ہوا ، بشپ آف لاہورسبٹین شاہ، ریونڈر ڈاکٹر مجید ایبل، بگھت لال، سردار بشن سنگھ ،خرم نقوی قاسم علی شاہ، حافظ اسد عبید، آغا شاہ حسین، حافظ زبیر ورک،شکیل رحمان ناصر، محمد علی نقشبندی،مفتی عمران حنفی سمیت سنٹرل ایگزیکٹو امن کمیٹی کے اراکین، جید علما کرام اور اقلیتی نمائندوں نے اجلاس میں شرکت کی ۔آئی جی پنجاب ڈاکٹر عثمان انور نے موجودہ حالات میں بین المذاہب ہم آہنگی، بھائی چارے اور رواداری کے فروغ کی ضرورت پر زور دیا، آئی جی پنجاب ڈاکٹر عثمان انور نے کہا کہ پنجاب پولیس نے مسیحی برادری سمیت اقلیتوں کے حقوق کے تحفظ، مسائل کے حل کے لئے صوبہ بھر میں میثاق سنٹرز قائم کئے ہیں، پنجاب پولیس پر امن معاشرے کی تشکیل یقینی بنانے لئے نبی پاک حضرت محمد صلی اللہ علیہ والہ وسلم کے مسیحیوں کے ساتھ کئے عہد کے مطابق انکی جان و مال کے تحفظ کو یقینی بنارہی ہے،آئی جی پنجاب ڈاکٹر عثمان انور نے مزید کہا کہ اقلیتوں کے حقوق کے تحفظ، بین المذاہب ہم آہنگی کے فروغ کے لیے ہر ضلع اور اقلیتوں کی اکثریت والی سب ڈویژنز میں 'میثاق سنٹرز ' فعال ہو چکے ہیں ، لاہور سمیت صوبہ بھر میں میثاق سنٹرز اقلیتی شہریوں کو درپیش مختلف مسائل کا ترجیحی بنیادوں پر ازالہ یقینی بنا رہے ہیں، آئی جی پنجاب نے مزید کہا کہ آر پی اوز ، ڈی پی اوز میثاق سنٹرز کے پیشہ وارانہ معاملات کی خود نگرانی کر رہے ہیں، اس موقع پر بین المذاہب ہم آہنگی، ملکی تعمیر و ترقی، سلامتی اور استحکام کیلئے خصوصی دعائیں مانگی گئیں۔
(روز نامہ جہان پاکستان)
************