پاکستان میں امریکہ کے سفیر ڈونلڈ بلوم کی سنٹرل پولیس آفس آمد،آئی جی پنجاب ڈاکٹر عثمان انورسے ملاقات،

پاکستان میں امریکہ کے سفیر ڈونلڈ بلوم کی سنٹرل پولیس آفس آمد،آئی جی پنجاب ڈاکٹر عثمان انورسے ملاقات،
 امریکی قونصل جنرل کرسٹین ہاکنز، اکنامکس آفیسر ڈگلس جونسٹن، سکیورٹی اتاشی مائیک ڈائمنڈ، سکیورٹی ایڈوائزر صفدر علی راؤ وفد میں شامل۔
پنجاب پولیس اور امریکی سکیورٹی اداروں کے مابین دہشت گردی و شدت پسندی کے تدارک کیلئے ورکنگ ریلشن شپ بڑھانے پر اتفاق۔
امریکہ کے سکیورٹی ٹریننگ پروگرامز میں پنجاب پولیس کے نوجوان افسران کی نمائندگی مزید بہتر بنانے کی ضرورت پر زور دیا گیا۔
امریکی سفیر اور آئی جی پنجاب نے ڈویژنل پولیس ہیڈ کوارٹرز میں فارنزک لیبارٹریز کے سیٹلائٹ یونٹ کے قیام پر بھی تبادلہ خیال کیا۔
آئی جی پنجاب ڈاکٹر عثمان انور نے  امریکی سفیر ڈونلڈ بلوم کو سنٹرل پولیس آفس کی شہدا اور غازی والز کا وزٹ کروایا۔

پاکستان میں تعینات امریکہ کے سفیر ڈونلڈ بلوم نے سنٹرل پولیس آفس کا دورہ کیا ور انسپکٹر جنرل پولیس پنجاب ڈاکٹر عثمان انورسمیت دیگر پولیس افسران سے ملاقات کی، امریکی قونصل جنرل لاہورکرسٹین ہاکنز، اکنامکس آفیسر ڈگلس جونسٹن، سکیورٹی اتاشی مائیک ڈائمنڈ، سکیورٹی ایڈوائزر صفدر علی راؤ وفد میں شامل تھے۔دوران ملاقات پنجاب پولیس اور امریکہ کے درمیان دوطرفہ سکیورٹی امور میں تعاون کو مزید فروغ دینے پر اتفاق کیا گیا،امریکی سفیر نے دہشت گردی، مذہبی انتہا پسندی کے خلاف جدوجہد میں پنجاب پولیس کی قربانیوں، کردار اور کامیابیوں کو سراہا۔پنجاب پولیس اور امریکی سکیورٹی اداروں کے مابین دہشت گردی و شدت پسندی کے تدارک کیلئے ورکنگ ریلشن شپ بڑھانے پر اتفاق رائے ہوا جبکہ امریکہ کے سکیورٹی ٹریننگ پروگرامز میں پنجاب پولیس کے نوجوان افسران کی نمائندگی مزید بہتر بنانے کی ضرورت پر زور دیا گیا۔ ترجمان پنجاب پولیس نے بتایا کہ کسی بھی امریکی سفیر کا سنٹرل پولیس آفس کا یہ پہلا دورہ تھا۔
دوران ملاقات لاہور سمیت پنجاب بھر میں امریکی شہریوں کے سکیورٹی امور، یو ایس ایڈ پروگرامز بھی زیر غور آئے،آئی جی پنجاب ڈاکٹر عثمان انور نے امریکی وفد سے گفتگو کرتے ہوئے کہاکہ صوبے میں آنے والے امریکی شہریوں، سرمایہ کاروں اور ماہرین کی فول پروف سکیورٹی اولین ترجیح ہے جس کیلئے سپیشل پروٹیکشن یونٹ کے افسران واہلکار شب و روز مصروف عمل ہیں۔ آئی جی پنجاب ڈاکٹر عثمان انور نے کہاکہ پنجاب پولیس صنفی مساوات اور خواتین کو بااختیار بنانے پر کاربند ہے پنجاب پولیس15 فیصد خواتین پولیس افسران و اہلکاروں پر مشتمل ہے،آئی جی پنجاب نے پولیس تحفظ مراکز کی وکٹم سپورٹ خواتین افسران کو جدید تربیت فراہم کرنے پر یو ایس آئی ڈی کاشکریہ ادا کیا،آئی جی پنجاب ڈاکٹر عثمان انور نے امریکی سفیر کو تحفظ مراکز اور میثاق سنٹرز کے اغراض و مقاصد اور سہولیات بارے آگاہ کرتے ہوئے بتایا کہ تحفظ سنٹرز ٹرانسجینڈرز، بے سہارا بچوں اور سماجی مشکلات کی شکار خواتین کو مدد و تحفظ فراہم کرنے میں نمایاں کردار ادا کر رہے ہیں جبکہ میثا ق سنٹرز صوبہ بھر میں اقلیتی شہریوں کی جان و مال کے تحفظ اور خدمات کی فراہمی کیلئے ترجیحی اقدامات یقینی بنارہے ہیں۔ آئی جی پنجاب نے کہاکہ ڈیڑھ کروڑ سے زائد افراد پولیس خدمت مراکز کی سٹیٹ آف دی آرٹ آن لائن سہولیات سے استفادہ کر چکے ہیں، شہریوں کو خدمات کی بہتر فراہمی کے لئے آئی ٹی اصلاحات اور سیف سٹیز کا دائرہ کار دیگر اضلاع تک بڑھا رہے ہیں۔انہوں نے کہاکہ امریکی تعاون سے پولیس کے ٹریننگ اداروں کے تربیتی معیار میں اضافہ، فورس کو جدید ساز و سامان سے آراستہ کیا جائے گا،پنجاب پولیس کے مرکزی فنگر پرنٹس بیورو کو آرٹیفیشل انٹیلی جنس کی جدید سکلز سے اپ گریڈ کرنے پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا۔آئی جی پنجاب ڈاکٹر عثمان انور نے امریکی سفیر کو منشیات کے خاتمے کیلئے جاری اقدامات سے آگاہ کیا
دوران ملاقات امریکی وفد اور آئی جی پنجاب نے ڈویژنل پولیس ہیڈ کوارٹرز میں فارنزک لیبارٹریز کے سیٹلائٹ یونٹ کے قیام پر بھی تبادلہ خیال کیا،آئی جی پنجاب ڈاکٹر عثمان انور نے امریکی سفیر ڈونلڈ بلوم کو سنٹرل پولیس آفس میں شہدا اور غازی والز کا وزٹ کروایا،امریکی سفیر کو سی پی او میوزیم میں پولیس سے متعلقہ تاریخی نوادرات بھی دکھائی گئیں،آئی جی پنجاب نے امریکی سفیر کو سنٹرل پولیس ڈیش بورڈ کی ورکنگ اور مانیٹرنگ سسٹم بارے بھی بریف کیا۔دورے کے اختتام پر آئی جی پنجاب ڈاکٹر عثمان انور نے امریکن سفیر کو یادگاری شیلڈ پیش کی،ڈی آئی جی آئی ٹی احسن یونس، ڈی آئی جی ہیڈ کوارٹر ہمایوں بشیر تارڑ، ڈی آئی جی لاجسٹکس اطہر اسماعیل، اے آئی جی ایڈمن عمارہ اطہر، ایس ایس پی ندا عمر چٹھہ، ایس پی اقبال ٹاؤن عقیلہ نقوی، اے ایس پی سیدہ شہربانو سمیت سینئر افسران موقع پر موجود تھے۔

 

 

(ہینڈ آؤٹ  نمبر 585 )

سیدمبشر حسین

ڈائریکٹر پبلک ریلیشن

پنجاب پولیس

***************************

Press Release Date: 
Tuesday, September 5, 2023