قتل، ڈکیتی اور اغواء میں ملوث خطرناک اشتہاریوں کے خلاف کریک ڈاؤن میں تیزی، ایک اور اشتہاری ائیر پورٹ سے گرفتار
قتل کے مقدمے میں ملوث خطرناک اشتہاری عمران بیرون ملک فرار ہونے کی کوشش کر رہا تھا۔
ائیر پورٹ پر ریکارڈ چیکنگ کے دوران نشاندہی ہونے پر ملزم گرفتار ہوا، مزید کاروائی کیلئے متعلقہ پولیس کے حوالے کر دیا گیا۔
انسپکٹر جنرل پولیس پنجاب ڈاکٹر عثمان انور کی ہدایت پر قتل، ڈکیتی اور اغواء برائے تاوان کے جرائم میں ملوث اشتہاریوں کی گرفتاری کیلئے اندرون و بیرون ملک کریک ڈاؤن جاری ہے۔ اسی سلسلے میں پنجاب پولیس نے بیرون ملک فرار ہونے کی کوشش کرنے والے ایک اور خطرناک اشتہاری کو ائیر پورٹ سے گرفتار کر لیا ہے۔ تفصیلات کے مطابق گوجرانوالہ پولیس کو قتل کے مقدمے میں مطلوب خطرناک اشتہاری عمران بیرون ملک فرار ہونے کی کوشش کر رہا تھا، پنجاب پولیس سپیشل آپریشن سیل کی ٹیم نے ملزم کا نام پرویزنل نیشنل آئیڈنٹیفیکیشن لسٹ (PNIL) میں شامل کروایا تھا، ائیر پورٹ پر ریکارڈ چیکنگ کے دوران نشاندہی ہونے پر ملزم گرفتار ہوا، مزید کاروائی کیلئے متعلقہ پولیس کے حوالے کر دیا گیا۔
آئی جی پنجاب ڈاکٹر عثمان انور کی اے کیٹیگری کے خطرناک اشتہاری کی گرفتاری پر متعلقہ ٹیم کو شاباش دیتے ہوئے کہا کہ قانونی مراحل جلد از جلد مکمل کرکے ملزم کو قرار واقعی سزا دلوائی جائے۔ آئی جی پنجاب نے مزید کہا کہ سائنسی شواہد پر کیسز کی تفتیش کو آگے بڑھاتے ہوئے دیگر اشتہاریوں کی گرفتاری کیلئے بھرپور کاوشیں کی جائیں، ایف آئی اے، انٹرپول اور دیگر اداروں کے ساتھ باقاعدگی سے انفارمیشن شئیرنگ یقینی بنائی جائے۔ آئی جی پنجاب نے ہدایت کی کہ ہائی پروفائل کیسز میں ملوث خطرناک اشتہاریوں کو پابند سلاسل کرواکے قرار واقعی سزائیں دلوائی جائیں۔
(ہینڈ آؤٹ نمبر 577 )
سیدمبشر حسین
ڈائریکٹر پبلک ریلیشن
پنجاب پولیس
***************************

Press Release Date:
Friday, September 1, 2023