چالیس (40)برس خدمات سر انجام دینے والے کانسٹیبل محکمہ کا سرمایہ ہیں، آئی جی

Sep 01, 2023

لاہور (کر ائم رپو رٹر)انسپکٹر جنرل پولیس پنجاب ڈاکٹر عثمان انور نے کہا ہے کہ پولیس سروس میں 40 برس خدمات سر انجام دینے والے کانسٹیبلز محکمہ کا قیمتی سرمایہ ہیں اس لئے ان فرض شناس اہلکاروں کی بے مثال پیشہ ورانہ خدمات کے اعتراف میں انہیں گولڈن بریڈز لگانے کا سلسلہ شروع کیا گیا آئی جی پنجاب ڈاکٹر عثمان انور نے کہا کہ گولڈن بریڈ لگانے کا مقصد کانسٹیبلز کی 4 عشروں پر محیط خدمات کو شاندار خراج تحسین پیش کرنا ہے، ڈاکٹر عثمان انور نے کہا کہ کانسٹیبلری فورس کا حقیقی چہرہ ہے جو مشکل سے مشکل ڈیوٹی انتہائی جانفشانی سے سر انجام دیتے ہیں، محکمہ پولیس اپنے ان جانباز اور فرض شناس اہلکاروں کی خدمات کے اعتراف میں حوصلہ افزائی کا سلسلہ جاری رکھے گا۔ آئی جی پنجاب ڈاکٹر عثمان انور نے محکمہ پولیس کیلئے بے مثال پیشہ ورانہ خدمات پر کانسٹیبلز کا شکریہ ادا کیا۔ ان خیالات کا اظہار خدمات سرانجام دینے والے کانسٹیبلز کے اعزاز میں تقریب میں خطاب کرتے ہوئے کیا۔ آئی جی پنجاب ڈاکٹر عثمان انور اور سینئر افسران نے لاہور پولیس کے کانسٹیبلز کو گولڈن بریڈ لگائے۔ دوسری جانب انسپکٹر جنرل پولیس پنجاب ڈاکٹر عثمان انور نے مختلف جسمانی معذوری کے شکار 10 سپیشل بچوں میں الیکٹرانک وہیل چئیرز تقسیم کیں۔

(روز نامہ پاکستان)

***********