پولیس شہدا 17 کی فیملیز کو پلاٹ دینے کی تقریب

Aug 30, 2023

انسپکٹر جنرل پولیس پنجاب ڈاکٹر عثمان انور نے کہا ہے کہ عوام کی جان و مال کے تحفظ میں جام شہادت نوش کرنے والے بہادر شہداء کی فیملیز کی ویلفیئر کیلئے ترجیحی اقدامات جاری ہیں جس کے تسلسل میں ذاتی گھروں سے محروم شہداء کی فیملیز کو گھروں کی تعمیر کیلئے پلاٹس فراہم کئے جا رہے ہیں۔ تفصیلات کے مطابق سنٹرل پولیس آفس میں 2017 سے قبل کے مزید 17 پولیس شہداء کی فیملیز کو پلاٹ دینے کی تقریب منعقد ہوئی جس میں آئی جی پنجاب ڈاکٹر عثمان انور نے راولپنڈی ریجن کے 17 شہداء کے ورثاء کو تمام سہولیات سے آراستہ ہاؤسنگ سوسائٹیز میں پلاٹس کے ملکیتی کاغذات دئیے گئے۔ سب انسپکٹر زاہد مغفور، ہیڈ کانسٹیبل آصف محمود، کانسٹیبلز عاشق حسین، محمد وحید انجم  آفتاب اصغر اور محمد اسلم، کانسٹیبل صداقت علی، محمد امین، صفدر علی خان، محمد صدیق، محمد سعید اور محمد فاروق، کانسٹیبل محمد فیاض، محمد رمضان، محمد رشید، چکوال کے کانسٹیبل محمد مسعود اور اے ایس آئی محمد آزاد کی فیملیز کو پلاٹس کے کاغذات دیے گئے۔ آئی جی پنجاب ڈاکٹر عثمان انور نے کہا کہ پنجاب پولیس اب تک 2017 سے قبل کے 264 شہداء کی فیملیز کو گھروں کی تعمیر کیلئے پلاٹ فراہمی کا بندوبست کرچکی ہے، 85 شہداء کی فیملیز کو پلاٹ مل چکے جبکہ 179 شہداء کے ورثاء کو آئندہ چند ہفتوں میں ملکیتی کاغذات مل جائیں گے۔ ڈاکٹر عثمان انور نے مزید کہا کہ21 شہداء کے ورثاء کو پلاٹس پر گھروں کی تعمیر کیلئے انڈوومنٹ فنڈز سے معاونت بھی فراہم کی جارہی ہے۔

(روز نامہ سٹی 42)

**************