تحفظ مراکز ‘چائلڈ پروٹیکشن اینڈ ویلفیئر بیورو کے دفاتر کو انٹرلنک کرنے کا فیصلہ

Aug 26, 2023

لاہور(نامہ نگار)انسپکٹر جنرل پولیس پنجاب ڈاکٹر عثمان انور سے چیئرپرسن چائلڈ پروٹیکشن اینڈ ویلفیئر بیورو سارہ احمد نے سنٹرل پولیس آفس میں ملاقات کی، دوران ملاقات سٹریٹ چلڈرن، گداگری میں ملوث اور گھروں میں کام کرنے والے بچوں کے تحفظ کیلئے باہمی اقدامات پر اظہار خیال کیا گیا۔ آئی جی پنجاب نے بچوں کے تحفظ کیلئے بہترین کام پر چائلڈ پروٹیکشن بیورو کی کارکردگی کو سراہا۔آئی جی پنجاب ڈاکٹر عثمان انور نے کہاکہ لاہور سمیت تمام اضلاع میں تحفظ مراکز اور چائلڈ پروٹیکشن اینڈ ویلفیئر بیورو کے دفاتر کو آپس میں انٹرلنک کیا جائے گا تاکہ زیادہ سے زیادہ بچوں کو مدد و تحفظ فراہم کیا جائے۔ پنجاب پولیس اور چائلڈ پروٹیکشن بیورو کے درمیان باہمی رابطے اور کوآرڈینیشن کو مزید بہتر بنایا جائے،چائلڈ پروٹیکشن بیورو کیساتھ مل کر بچوں کے تحفظ کیلئے مشترکہ اقدامات میں تیزی لائی جائے۔ چائلڈ پروٹیکشن بیورو دفاتر میں موجود بچوں کو انکے والدین سے ملوانے میں بھی پنجاب پولیس اپنا کردار ادا کرے۔ بھکاری مافیا کے ہاتھوں استعمال ہونیوالے بچوں کو ریسکیو کرکے سکولوں تک پہنچایا جائے اور اس مکروہ دھندے میں ملوث مافیاز، ٹھیکیداروں اور والدین کیخلاف بلا امتیاز کاروائی عمل میں لائی جائے۔ گھروں میں کام کرنے والے بچوں کے سماجی تحفظ کیلئے اقدامات میں تیزی لائی جائیگی۔

(روز نامہ نوائے وقت)

*************