پنجاب پولیس بحرین سے 2 خطرناک اشتہاری گرفتار کر کے لے آئی

Aug 22, 2023

لاہور (نامہ نگار) انسپکٹر جنرل پولیس پنجاب ڈاکٹر عثمان انور کی ہدایت پر قتل، ڈکیتی اور اغواء برائے تاوان میں مطلوب بیرون ملک مفرور خطرناک اشتہاریوں کے خلاف کریک ڈاؤن میں تیزی لائی گئی ہے جس کے تسلسل میں قتل کے مقدمات میں مطلوب 02 خطرناک اشتہاریوں کو پنجاب پولیس بحرین سے گرفتار کر کے وطن واپس لے آئی ہے۔ ان دو خطرناک ملزمان کی گرفتاری سے رواں برس بیرون ملک سے گرفتار ہونے والے اشتہاریوں کی مجموعی تعداد 111 ہوگئی ہے۔ ترجمان پنجاب پولیس نے کہا کہ گرفتار ہونے والے اشتہاریوں میں سیالکوٹ پولیس کو مطلوب ذوالفقار علی اور فیصل آباد پولیس کو مطلوب نور محمد شامل ہیں۔ پنجاب پولیس نے ملزمان کی وطن واپسی کیلئے انٹرپول سے دونوں کے ریڈ نوٹسز جاری کروائے، ملزمان کو قواعد و ضوابط مکمل کر کے بحرین سے وطن واپس لایا گیا اور مزید کارروائی کیلئے متعلقہ پولیس کے حوالے کر دیا گیا۔ آئی جی پنجاب نے اے کیٹیگری کے خطرناک اشتہاریوں کی گرفتاری کیلئے کریک ڈاؤن مزید تیز کرنے کی ہدایت دیتے ہوئے کہا کہ سنگین جرائم میں ملزمان کو موثر فالو اپ اور انٹیلی جنس بیسڈ کارروائیوں کے ذریعے پابند سلاسل کیا جائے۔

(روز نامہ نوائے وقت)

**************