پولیس کے مزید 32 شہدا کے لواحقین کو پلاٹس فراہم

Aug 17, 2023

لاہور(نامہ نگار)انسپکٹر جنرل پولیس پنجاب ڈاکٹر عثمان انور کی جانب سے 2017 سے قبل کے شہداء پولیس کے ورثاء کو پلاٹس کی فراہمی کا سلسلہ جاری ہے۔ جس کے تسلسل میں سرگودھا، لودھراں، لیہ، گجرات پولیس کے مزید 32 شہدا کے لواحقین کو پلاٹس فراہم کر دیئے گئے ہیں۔سنٹرل پولیس آفس میں منعقدہ تقریب میں آئی جی پنجاب ڈاکٹر عثمان انور نے لودھراں کی 15، سرگودھا کی 8، لیہ کی 7، گجرات کی 2 فیملیز میں پلاٹس کے ملکیتی کاغذات تقسیم کیے ہیں۔ آئی جی پنجاب ڈاکٹر عثمان انور نے کہا ہے کہ نیک افراد کے تعاون سے 2017 ء سے قبل کے 100 سے زائد شہدا کی فیملیز کیلئے پلاٹس کی فراہمی یقینی بنائی گئی ہے جبکہ پنجاب پولیس انڈوومنٹ فنڈ سے شہدا کے ورثا کو ان پلاٹس پر گھروں کی تعمیر کیلئے مالی معاونت بھی جاری ہے۔ آئی جی پنجاب ڈاکٹر عثمان انور نے پولیس شہدا کے لواحقین کیلئے پلاٹس کی فراہمی یقینی بنانے والے آر پی اوز، ڈی پی اوز کو تعریفی اسناد دینے کا اعلان کیاہے۔ انہوں نے کہا کہ شہداء کے ورثاء کیلئے پلاٹس کی فراہمی یقینی بنانے والے فیلڈ افسران لائق تحسین ہیں، آئی جی پنجاب نے شہدا فیملیز کے پلاٹوں کی فراہمی میں تعاون پر نجی سٹیٹ ڈویلپرز کا شکریہ بھی ادا کیا، پلاٹس کے ملکیتی کاغذات حاصل کرنے والے 32 شہدا کے ورثا نے ذاتی چھت فراہم کرنے پر آئی جی پنجاب کا شکریہ ادا کیا۔

(روز نامہ نوائے وقت)

**************