انسپکٹر جنرل پولیس پنجاب ڈاکٹر عثمان انور نے سانحہ جڑانوالہ کے حوالے سے اپنے ویڈیو پیغام جاری کر دیا

انسپکٹر جنرل پولیس پنجاب ڈاکٹر عثمان انور نے سانحہ جڑانوالہ کے حوالے سے اپنے ویڈیو پیغام جاری کر دیا
انسپکٹر جنرل پولیس پنجاب ڈاکٹر عثمان انور نے سانحہ جڑانوالہ کے حوالے سے اپنے ویڈیو پیغام میں کہا ہے کہ جڑانوالہ میں ایک انتہائی افسوسناک واقعہ  پیش آیا۔پولیس نے 24 گھنٹوں کے اندر دونوں مرکزی نامزد ملزمان حراست میں لے لئے جن سے تفتیش ہو رہی ہے۔ آئی جی پنجاب نے کہا کہ تمام مسلمانوں کی طرح ہم بھی قرآن پاک کی بے حرمتی یا خدانخواستہ نبی پاک صلی اللہ علیہ والہ وسلم کی شان میں گستاخی برداشت نہیں کر سکتے۔ہم ان علماء کرام کے شکر گزار ہیں جنہوں نے عوام کو اشتعال انگیزی سے روکے رکھا اور پورے پنجاب میں امن قائم رہا۔آئی جی پنجاب نے پیغام میں کہا کہ جہاں شرپسندوں نے چرچز کو آگ لگائی، مقدس مقامات کو خراب کیا، ان کے گھروں کو ضائع کیا، ان کی زندگیوں کو خطرے میں ڈالا، یہ بھی اسلام میں قابل برداشت نہیں۔ آئی جی پنجاب نے کہا کہ اللہ پاک اور نبی پاک صلی اللہ علیہ والہ وسلم کا حکم ہے کہ ہم نے اقلیتوں کی حفاظت کرنی ہے اور ہمارا قانون بھی ہمیں اس بات کا حکم دیتا ہے اور ہم ان کی حفاظت کرکے دکھائیں گے۔ ڈاکٹر عثمان انورمزید کہا کہ جنہوں نے یہ کیا ہم ان تمام کو قانون کے کٹہرے میں لائیں گے۔پولیس نے آرٹیفیشل انٹیلی جنس کی مدد سے ان کو گرفتار کرنے کا سلسلہ شروع کر دیا ہے اور 125 سے زائد افراد ہم نے اپنی ہیومن انٹیلی جنس، کمپیوٹر کے ساتھ ویڈیو کیمرے کی مدد اور دیگر طریقوں سے گرفتار کرلیے ہیں جن کو ہم قانون کے کٹہرے میں لائیں گے۔ آئی جی پنجاب نے اپنے پیغام میں علماء اکرام سے درخواست کی کہ میرا امن کا پیغام کل کیلئے ہے، کل علما کرام مساجد میں امن کی ضرور درخواست کریں اور لوگوں کو بتائیں کہ اقلیتوں کی کیسے حفاظت کرنی ہے۔ہم امن کمیٹی کے، مسیحی سمیت تمام مذاہب کے لیڈرزاور سب سے بڑھ کر مسلمان علماء کے شکر گذار ہیں جنہوں نے اس واقعہ کی مذمت کی اور پنجاب پولیس کا ساتھ دیا۔ہم نبی پاک صلی اللہ علیہ والہ وسلم اور قرآن پاک کی بے حرمتی اور عیسائیوں کے ساتھ ظلم و زیادتی دونوں واقعات کے ملزموں کوبہت جلد کیفر کردار تک پہنچائیں گے۔عوام سے یہ میرا و عدہ ہے کیونکہ اللہ تعالیٰ ہمارے ساتھ ہیں اور ہمارا حامی و ناصر ہوگا۔
 
 

(ہینڈ آؤٹ  نمبر 534 )

سیدمبشر حسین

ڈائریکٹر پبلک ریلیشن

پنجاب پولیس

***************************

 
 
 
 
Press Release Date: 
Thursday, August 17, 2023