انسپکٹر جنرل پولیس پنجاب ڈاکٹر عثمان انور نے کہا کہ مساجد، امام بارگاہوں، مزارات سمیت تمام مذہبی مقامات کی سکیورٹی اولین ترجیح ہے، جدید ٹیکنالوجی اور دستیاب وسائل کے موثر استعمال سے سکیورٹی اقدامات مزید بہتر بنائیں گے، آئی جی پنجاب ڈاکٹر عثمان انور نے کہاکہ علماء کرام مشائخ عظام،، کمیونٹی لیڈرز،اراکین امن کمیٹیز، اداروں کے تعاون اور مشاورت سے امن کا قیام یقینی بنا رہے ہیں، تمام مسالک کے مذہبی پروگراموں کو آئندہ بھی بہترین سکیورٹی فراہم کرتے رہیں گے۔ آئی جی پنجاب نے کہاکہ تمام مسالک کے علماء،امن کمیٹیوں، مذہبی سکالر سمیت تمام اسٹیک ہولڈرز کے بھرپور تعاون پر تہہ دل سے شکر گزار ہیں،چہلم حضرت امام حسین ؑ اور حضرت عثمان علی ہجویری رحمتہ اللہ کے عرس کے موقع پر سکیورٹی کے بہترین انتظامات یقینی بنائیں گے، ان خیالات کا اظہار انہوں نے آج سنٹرل پولیس آفس میں متحدہ علما بورڈ پنجاب کے وفد سے ملاقات کے دوران کیا۔ چئیرمین متحدہ علما بورڈ ڈاکٹر راغب حسین نعیمی کی زیر قیادت وفد میں مولانا محمد حسین اکبر، مفتی محمد رمضان سیالوی، مولانا سید ضیاء اللہ شاہ، مولانا حافظ زبیر حسن، مولانا محمد علی نقشبندی، مولانا سردار محمد خان لغاری اور مفتی محمد عمران حنفی سمیت دیگر علما وفد میں شامل تھے۔
(روز نامہ پاکستان)
*************
