اے کیٹیگری کا اشتہاری ملزم متحدہ عرب امارات سے گرفتار

Aug 10, 2023

3 قتل ، ڈکیتی ، اغواء برائے تاوان سمیت دیگر سنگین جرائم میں ملوث اشتہاری ملزمان کی گرفتاریوں کیلئے پنجاب پولیس کا کریک ڈائون بلا تعطل جاری ہے جس کے تسلسل میں پنجاب پولیس ایک اور کامیاب کاروائی کرتے ہوئے اے کیٹیگری کے اشتہاری ملزم کو متحدہ عرب امارات سے گرفتار کرکے وطن واپس لے آئی ہے ۔تفصیلات کے مطابق تھانہ کھچی والا بہاولنگر پولیس کو ڈکیتی کے مقدمات میں مطلوب اشتہاری ملزم مہتاب خان کو انٹرپول کے تعاون سے متحدہ عرب امارات سے گرفتار کیا گیا۔ انٹر پول کے تعاون سے ریڈ نوٹس جاری کرواکر ملزم کو وطن واپس لایا گیا اور مزید قانونی کاروائی کیلئے بہاولنگر پولیس کے حوالے کردیا گیا ہے ۔ دبئی سے گرفتار بین الاضلاعی ڈکیت اشتہاری مہتاب خان بہاولنگر پولیس کو مختلف وارداتوںمیںمطلوب تھا جو متعدد وارداتوں کے بعد بیرون ملک مفرور ہوگیا تھا۔ آئی جی پنجاب ڈاکٹر عثمان انورنے سنگین جرائم میں ملوث بیرون ملک مفرور اشتہاریوں کے خلاف کریک ڈاؤن تیز کرنے کی ہدایت کی ہے ،اشتہاری مہتاب خان کی گرفتاری سے بیرون ملک سے گرفتار اشتہاریوں کی مجموعی تعداد 104 ہو گئی ہے ۔آئی جی پنجاب ڈاکٹر عثمان انور نے خطرناک اشتہاری کی گرفتاری کیلئے فالو اپ کرنے والی پولیس ٹیم کو شاباش دی۔

(روز نامہ پاکستان)

***********