چار شہدا کی فیملیز کو رہائشی پلاٹس دے دیئے گئے

Aug 10, 2023

انسپکٹر جنرل پولیس پنجاب ڈاکٹر عثمان انورکی جانب سے پولیس شہداء کے ورثاء کی ویلفیئر کیلئے اقدامات جاری ہیں جس کے تسلسل میں 2017ء سے قبل کے پولیس شہدا کی فیملیز کو پلاٹس کی فراہمی کا آغازکردیا گیا ہے، سنٹر ل پولیس آفس میں منعقدہ تقریب میں 04 شہدا کی فیملیز کو پنجاب کی تمام سہولیات سے مزین ہاؤسنگ سکیموں میں رہائشی پلاٹس دے دئیے گئے ہیں۔آئی جی پنجاب ڈاکٹر عثمان انور نے کہاکہ ان پلاٹس پر گھروں کی تعمیر کیلئے پنجاب پولیس شہدا کی فیملیز کو مالی امداد بھی فراہم کرے گی،آئی جی پنجاب نے مزیدکہاکہ پنجاب پولیس کے شہدا کی فیملیز کے پلاٹس کے لئے نجی اسٹیٹ ڈویلپرز کے ساتھ ایم او یوز طے پا گئے ہیں، ایم او یوز کے تحت تین ڈویلپرز اپنے ہاؤسنگ پراجیکٹس میں مزید پولیس شہدا کی فیملیز کو مفت پلاٹس دیں گے۔ تفصیلات کے مطابق سنٹرل پولیس آفس میں منعقدہ تقریب میں آئی جی پنجاب ڈاکٹر عثمان انور اور نجی اسٹیٹ ڈویلپرز کے عہدیداران نے ایم او یوز پر دستخط کئے۔تقریب میں چار شہدا کی فیملیز کو وہاڑی کی نجی ہاؤسنگ سوسائٹی میں پلاٹوں کی ملکیتی کاغذات بھی دئیے گئے ہیں۔ پولیس شہدا ہیڈ کانسٹیبل اللہ رکھا، ہیڈ کانسٹیبل ارشد علی، کانسٹیبل مدثر ندیم اور کانسٹیبل خالد حسین کی فیملیز کو پلاٹوں کے ملکیتی کاغذات دئیے گئے ہیں۔ آئی جی پنجاب ڈاکٹر عثمان انورنے مزیدکہاکہ پلاٹس کے بعد اگلے مرحلے میں گھروں کی تعمیر کیلئے شہدا کی فیملیز کو 25 لاکھ روپے مالی معاونت بھی فراہم کی جائے گی۔

(روز نامہ سٹی 42)

************