آئی جی پنجاب سے زیر تربیت اے ایس پیز کے وفد کی ملاقات

Aug 09, 2023

انسپکٹرجنرل پولیس پنجاب ڈاکٹر عثمان انور سے پنجاب کے مختلف اضلاع میں فیلڈ ٹریننگ مکمل کرنے والے 49ویں کامن کے زیر تربیت اے ایس پیز کے وفد نے ملاقات کی ۔ نوجوان افسران نے فیلڈ ٹریننگ کے دوران حاصل ہونے والے عملی تجربات اور مشاہدات بارے آئی جی پنجاب کو بریفنگ دی۔ اے ایس پیز نے لاہور سمیت پنجاب کے مختلف اضلاع میں اپنی فیلڈ ٹریننگ مکمل کیں ،اے ایس پیز کامل مشتاق نے لاہور میں اربن پولیسنگ کے چیلنجز اور انسداد جرائم بارے پریزینٹیشن پیش کی۔اے ایس پی صابرہ ایوب اور شازیہ اسحاق نے دیہی علاقوں کی پولیسنگ بارے تجربات سے آگاہ کیا، سروس ڈلیوری میں بہتری بارے تجاویز دیں،دیگر اے ایس پیز نے مختلف اضلاع میں فیلڈ ٹریننگ کے دوران حاصل تجربات بارے مشاہدات پیش کئے۔آئی جی پنجاب ڈاکٹر عثمان انور نے نوجوان افسران کی تجاویز کو سراہا، بھرپور محنت اور لگن سے فرائض کی ادائیگی کا حکم دیا۔

آئی جی پنجاب ڈاکٹر عثمان انور نے زیر تربیت افسران کو ہدایت کی کہ وہ کیرئیر کے آغاز میں مشکل پوسٹنگ کو ترجیح دیں تاکہ مستقبل کے چیلنجز کے لیے خود کو بہتر طور پر تیار کر سکیں۔ آئی جی پنجاب نے مزیدکہاکہ انفارمیشن ٹیکنالوجی کی جدید ایپلی کیشنز اور سافٹ ویئرز سے استفادہ کرکے پبلک سروس ڈلیوری کا عمل آسان بنائیں۔ آئی جی پنجاب نے کہاکہ عوام کو نوجوان پولیس افسران سے بہت توقعات ہیں، بہترین لیڈرشپ اور کارکردگی سے پولیس تشخص کو مزید بہتر بنائیں، سپاہ کے ساتھ زیادہ سے زیادہ وقت گذاریں، کامیاب کمانڈر کے طور پر ٹیم سے بہترین کارکردگی لیں۔

(روز نامہ نوائے وقت)

****************