پنجاب پولیس نے انٹرپول کے تعاون سے گرفتار اشتہاریوں کی سنچری مکمل کر لی

Aug 07, 2023

لاہور (نامہ نگار)انسپکٹر جنرل پولیس پنجاب ڈاکٹر عثمان انور کی ہدایت پر بیرون ملک مفرور اشتہاری ملزمان کی گرفتاری کیلئے کریک ڈاو¿ن جاری ‘پنجاب پولیس نے انٹرپول کے تعاون سے گرفتار اشتہاریوں کی سنچری مکمل کر لی ہے۔ آئی جی پنجاب ڈاکٹر عثمان انور نے بیرون ملک مفرور اشتہاریوں کی گرفتاری میں تعاون پر ڈائریکٹر انٹرپول ایف آئی اے ڈی آئی جی سکندر کا خصوصی شکریہ ادا کیا۔ انہوں نے کہا کہ انٹرپول میں تعینات فرانس پولیس افسران کے تعاون سے گرفتاریوں کا سلسلہ جاری ہے اور بیرون ملک اشتہاریوں کی گرفتاری میں گوجرانوالہ ریجن کی کارکردگی قابل ستائش ہے۔ 6 ماہ میں گرفتار 103 اشتہاریوں کو انٹرپول کی مدد سے دنیا کے مختلف ممالک سے گرفتار کیا گیا جن میں امریکہ، برطانیہ، اٹلی، یورپ، جنوبی افریقہ،سعودی عرب، متحدہ عرب امارات سمیت دیگر ممالک شامل ہیں۔ بیرون ملک مفرور اشتہاریوں کی گرفتاری کےلئے انٹرنیشنل کوآرڈینیشن، انٹیگریٹڈ بارڈر مینجمنٹ، فیس ٹریس ٹیکنالوجی کو بھی استعمال میں لایا جا رہا ہے، جبکہ انٹرپول کے تعاون سے ریڈ نوٹس اجرا سمیت تمام قانونی تقاضے پورے کرکے ملزمان کو پاکستان لایا گیا ہے ۔

اشتہاریوں کےخلاف مختلف اضلاع میں قانونی کاروائی جاری، قرار واقعی سزائیں دلوائی جا رہی ہیں، مذکورہ اشتہاری قتل، اقدام قتل،ڈکیتی، اغوا برائے تاوان سمیت سنگین جرائم کا ارتکاب کرکے بیرون ملک فرار ہو گئے تھے۔انہوںنے افسران کو ہدایت کی کہ انٹرپول ، ایف آئی اے اور دیگر اداروں کے تعاون سے اشتہاریوں کے گرد گھیرا مزید تنگ کیا جائے۔انہوںنے بیرون ملک مفرور اشتہاریوں کی گرفتاری کے حوالے سے خصوصی ویڈیو پیغام میں کہا کہ دشمنی، فراڈ ، قتل سمیت دیگر جرائم میں ملوث بیرون ملک مفرور اشتہاریوں کو پکڑ کر واپس لانے کا سلسلہ جاری رہے گا ، تمام قانونی ضوابط پورے کرتے ہوئے ملزمان کو گرفتار کرکے قانون کے کٹہرے میں پیش کریں گے۔ ہم یقینی بنائیں گے کہ کوئی مجرم کسی شریف شہری کو ملک سے باہر بیٹھ کر نفسیاتی یا کوئی دیگر نقصان نہ پہنچائے۔اگر کسی شہری کو کوئی اشتہاری دھمکی آمیز کال کر رہا ہے تو فوری متعلقہ پولیس سے رابطہ کریں۔ ہم اس اشتہاری کو گرفتار کرکے سخت قانونی کارروائی عمل میں لائیں گے۔

(روز نامہ نوائے وقت)

************