آئی جی کا شہید ایلیٹ فورس کے جوان محمد علی کو خراج عقیدت پیش

Aug 03, 2023

انسپکٹر جنرل پولیس پنجاب ڈاکٹر عثمان انور نے میانوالی میں اشتہاری ملزمان کی فائرنگ سے جام شہادت نوش کرنے والے ایلیٹ فورس کے جوان محمد علی کو شاندار الفاظ میں خراج تحسین پیش کیا ہے۔ آئی جی پنجاب ڈاکٹر عثمان انور نے کہا کہ ہیڈ کانسٹیبل محمد علی فرض کی راہ میں جام شہادت نوش کرکے ہمیشہ کیلئے امر ہو گیا۔ پنجاب پولیس اپنے بہادر سپوت کی لازوال قربانی کو کبھی فراموش نہیں کرے گی۔ ڈاکٹر عثمان انور نے مزید کہا کہ شہید کے اہل خانہ کی ویلفیئر، بچوں کی تعلیم و روزگار کا ہر ممکن خیال رکھا جائے گا۔ ہیڈ کانسٹیبل محمد علی کی شہادت تھانہ مکڑوال کے پہاڑی علاقہ دوہا میں اشتہاریوں کے ساتھ مقابلہ میں ہوئی۔

آئی جی پنجاب نے واقعہ میں زخمی ہونے والے ایس ایچ او مکڑوال لیاقت رسول، ایلیٹ کانسٹیبل سعید الرحمان، کانسٹیبلان عامر مجید اور محمد اعجاز کو بہترین طبی سہولیات فراہم کرنے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ ڈی پی او میانوالی زخمی ہونے والے افسران و اہلکاروں کے علاج معالجے کیلئے ذاتی نگرانی میں اقدامات یقینی بنائیں۔ آئی جی پنجاب ڈاکٹر عثمان انور نے  آر پی او سرگودھا سے واقعہ کی رپورٹ بھی طلب کی اور پولیس ٹیم پر فائرنگ
کرنے والے اشتہاری ملزمان کی گرفتاری کیلئے سپیشل ٹیم تشکیل دینے کا حکم  دیا۔ آئی جی پنجاب نے کہا کہ ملزمان کو جلد از جلد گرفتار کرکے قانون کے کٹہرے میں لایا جائے اور قرار واقعی سزا دلوائی جائے۔
(روز نامہ نوائے وقت)
**********