آئی جی پنجاب ڈاکٹر عثمان انور/ چینی شہریوں اور حساس مقامات کی سکیورٹی پر تعینات پولیس فورس کیلئے اہم پیغام

آئی جی پنجاب ڈاکٹر عثمان انور/ چینی شہریوں اور حساس مقامات کی سکیورٹی پر تعینات پولیس فورس کیلئے اہم پیغام
 غیر ملکی بالخصوص چینی شہریوں، حساس و اہم قومی تنصیبات کے تحفظ میں مصروف تمام فیلڈ فارمیشنز کو شاباش دی۔
سپیشل پروٹیکشن یونٹ، ایلیٹ، پٹرولنگ سمیت تمام فورسز کا مشکل حالات کے باوجود فرائض کی  بہترین ادائیگی پر شکریہ ادا کرتا ہوں، ڈاکٹر عثمان انور
 انسپکٹر جنرل پولیس پنجاب ڈاکٹر عثمان انور نے چینی شہریوں اور حساس مقامات کی سکیورٹی پر تعینات فورس کے نام اہم پیغام جاری کیا ہے۔ آئی جی پنجاب نے غیر ملکی بالخصوص چینی شہریوں، حساس و اہم قومی تنصیبات کے تحفظ میں مصروف تمام فیلڈ فارمیشنز کو شاباش دی اور سپیشل پروٹیکشن یونٹ، ایلیٹ، پٹرولنگ سمیت تمام فورسز کا فرائض کی بہترین ادائیگی پر شکریہ ادا کیا۔ آئی جی پنجاب ڈاکٹر عثمان انور نے کہا کہ غیر ملکی سرمایہ کاری، انڈسٹری اور تنصیبات پاکستان کی ترقی کی بنیاد اور کلیدی حیثیت رکھتی ہیں، ان تمام حساس پراجیکٹس اور غیر ملکی ماہرین کی سکیورٹی پر مامور افسران و اہلکاروں کیلئے الرٹ رہنا لازم ہے، ڈاکٹر عثمان انور نے کہا کہ ایس پی یو کے افسران و جوان  قومی جوش و جذبے کے ساتھ  فرائض ادا کرتے رہیں گے، اسی طرح بارڈر چیک پوسٹوں، انتہائی حساس اور چیلنجنگ پوائنٹس پر فرائض کی بہترین ادائیگی سے ایلیٹ فورس نے خود کو بہترین کرائم فائٹنگ فورس ثابت کیا ہے۔ آئی جی پنجاب نے مزید کہا کہ پنجاب ہائی وے پٹرول کے جوان جدید ٹیکنالوجی سے آراستہ فورس ہے جو شاہرات پر حساس تنصیبات اور شہریوں کی خدمت و حفاظت کر رہے ہیں۔ پٹرولنگ فورس نے 589 اشتہاری مجرمان، 418 عدالتی مفروران کو گرفتار کیا،  589 چوری شدہ گاڑیاں ریکور کیں، 418 گمشدہ بچوں کو والدین سے ملوایا، آئی جی پنجاب ڈاکٹر عثمان انور نے کہا کہ پنجاب کی ایگزیکٹو پولیس لا اینڈ آرڈر کنٹرول، غیر ملکی شہریوں کی حفاظت انتہائی جانفشانی سے کر رہی ہے تاہم کسی ایک ناخوشگوار واقعہ کی وجہ سے بین الاقوامی سطح پر ملکی تشخص خراب ہوتا ہے،غیر ملکی سرمایہ کاری رک جاتی ہے۔ آئی جی پنجاب نے سی ٹی ڈی اور سپیشل برانچ کی خدمات کو سراہتے ہوئے کہا کہ سی ٹی ڈی اور سپیشل برانچ انٹیلی جنس بیسڈ آپریشنز سے سماج دشمن عناصر کا منصوبے ناکام بنا رہے ہیں اور تمام فیلڈ فارمیشنز نے مل کر ملک دشمن عناصر کے عزائم کو خاک میں ملانا ہے، آئی جی پنجاب نے ہدایت کی کہ غیر ملکی شہریوں کی بہترین سکیورٹی کے ساتھ ساتھ حساس مقامات کی سکیورٹی پر ناقابل تسخیر دیوار بن کر ڈٹے رہیں اور ملک و قوم کی حفاظت میں کوئی کسر نہ اٹھا رکھیں۔
 

(ہینڈ آؤٹ  نمبر 484 )

سیدمبشر حسین

ڈائریکٹر پبلک ریلیشن

پنجاب پولیس

***************************

Press Release Date: 
Tuesday, August 1, 2023