لاہور(نامہ نگار)انسپکٹر جنرل پولیس پنجاب ڈاکٹرعثمان انور نے عشرہ محرم الحرام کے دوران سکیورٹی کے بہترین انتظامات پر پولیس فورس کو شاباش دی ہے۔ڈاکٹر عثمان انور نے وائرلیس پیغام میں سی سی پی او لاہور ، تمام ایڈیشنل آئی جیز سمیت صوبے کے تمام آر پی اوز سی پی اوز اور ڈی پی اوز کی کارکردگی کو سراہتے ہوئے کہا کہ پولیس فورس نے عشرہ محرم کے دوران35919 مجالس، 9092 عزاداری جلوسوں کو فول پروف سکیورٹی فراہم کی۔صوبائی دارالحکومت سمیت پنجاب بھر میں حالات پرامن رہے، کسی بھی جگہ کوئی ناخوشگوار واقعہ پیش نہیں آیا۔وزیر اعلیٰ پنجاب محسن نقوی، صوبائی وزرا، مشیران، علاقائی نمائندوں نے سکیورٹی انتظامات میں پنجاب پولیس کو بہترین رہنمائی فراہم کی۔جانفشانی سے فرائض سر انجام دینے پر سپیشل برانچ، سی ٹی ڈی سمیت تمام پنجاب پولیس کے تمام آپریشنل یونٹس تحسین کے مستحق ہیں۔پنجاب پولیس کو عشرہ محرم الحرام کے مقدس پروگراموں کی سکیورٹی یقینی بنانے میں پاک فوج اور رینجرز کا تعاون حاصل رہا۔شہریوں،
مختلف مکاتبِ فکرکے علما کرام، اداروں اور میڈیا کے بھر پور تعاون پر شکر گذار ہیں۔آئی جی پنجاب نے فورس کو ہدایت کہ وہ عوام کے جان و مال کے تحفظ کیلئے افسران و اہلکار مستقبل میں بھی اسی جذبے کےساتھ کام جاری رکھیں۔آئی جی پنجاب ڈاکٹر عثمان انور نے یوم عاشور پر سکیورٹی انتظامات کی نگرانی کیلئے مصروف دن گذارا۔آئی جی پنجاب ڈاکٹر عثمان انور نے صوبائی دارالحکومت میں امام بارگاہ ایوان زینب ٹھوکر نیاز بیگ سمیت مختلف امام بارگاہوں، یوم عاشور کے مرکزی عزاداری جلوس کے روٹ کی سکیورٹی کا جائزہ کیا ، ڈاکٹر عثمان انور نے سول سیکرٹریٹ میں مرکزی کنٹرول روم کا بھی دورہ کیا اور لاہور سمیت پنجاب بھر میں جاری یوم عاشور کی سرگرمیوں کی مانیٹرنگ کے عمل کا جائزہ لیا۔پولیس اور ضلعی انتظامیہ کے اعلی افسران بھی آئی جی پنجاب کے ہمراہ تھے۔آئی جی پنجاب نے کہا کہ پرامن یوم عاشور اور محرم الحرام مشن ہے، علما کرام، انتظامیہ اور متعلقہ اداروں کی کوآرڈینیشن سے یقینی بنائیں گے، تمام آر پی اوز، سی پی اوز اور ڈی پی اوز، سینئر افسران سکیورٹی انتظامات کی سپرویژن کےلئے فیلڈ میں موجود رہے۔
(روز نامہ نوائے وقت)
٭٭٭٭٭٭٭٭٭٭٭٭٭٭