چیف سیکرٹری پنجاب زاہد اختر زمان کا آئی جی پنجاب ڈاکٹر عثمان انور کے ہمراہ محرم سکیورٹی انتظامات کی چیکنگ کیلئے راولپنڈی کا دورہ
افسران نے لیاقت باغ، کرنل مقبول امام بارگاہ سمیت مختلف امام بارگاہوں اور عزاداری روٹ کا دورہ کرکے سکیورٹی انتظامات کا جائزہ لیا۔
یوم عاشور پرصوبہ بھر میں عزاداری جلوسوں اور مجالس کی سکیورٹی مزید سخت اوراضافی نفری تعینات کی جائے۔ آئی جی پنجاب
چیف سیکرٹری پنجاب زاہد اختر زمان کے ہمراہ آئی جی پنجاب ڈاکٹر عثمان انور نے محرم سکیورٹی انتظامات کیلئے راولپنڈی کا دورہ کیا، لیاقت باغ، کرنل مقبول امام بارگاہ سمیت مختلف امام بارگاہوں اور عزاداری روٹ کے دورے میں چیف سیکرٹری پنجاب اور آئی جی پنجاب نے 09 ویں محرم کے جلوسوں اور مجالس کے سکیورٹی انتظامات کا جائزہ لیا۔ آر پی او راولپنڈی سید خرم علی بھی ہمراہ تھے۔ سی پی او راولپنڈی خالد محمود ہمدانی نے آئی جی پنجاب کو سکیورٹی انتظامات بارے بریفنگ دی۔ آئی جی پنجاب نے میڈیا نمائندگان سے گفتگو کرتے ہوئے کہاکہ محرم الحرام میں تمام عزاداری جلوسوں اور مجالس کو بھرپور سکیورٹی فراہم کر رہے ہیں،سپیشل برانچ اور دیگر سکیورٹی اداروں کے ساتھ مل کر انٹیلی جنس بیسڈ آپریشنز کئے جا رہے ہیں،پورے پنجاب میں 01 لاکھ سے زائد پولیس اہلکار محرم الحرام کی سکیورٹی ڈیوٹی پر تعینات ہیں، علما کرام، منتظمین جلوس، تمام اداروں،سٹیک ہولڈرز کے ساتھ مکمل رابطے میں ہیں، تمام اضلاع میں کنٹرول رومز قائم کئے گئے ہیں،سی سی ٹی وی کیمروں کی مدد سے تمام سرگرمیوں کی مسلسل مانیٹرنگ کی جارہی ہے۔آئی جی پنجاب ڈاکٹر عثمان انورنے کہا ہے کہ یوم عاشور پرصوبہ بھر میں عزاداری جلوسوں اور مجالس کی سکیورٹی مزید سخت اوراضافی نفری تعینات کی گئی ہے۔
مزید برآں آئی جی پنجاب ڈاکٹر عثمان انور نے کہا کہ 9 محرم الحرام کو لاہور سمیت صوبہ بھر میں 1678 عزاداری جلوس،3909 مجالس منعقد ہوئے، جن میں اے کیٹیگری کے 198عزاداری جلوس اور 344 مجالس شامل تھیں۔صوبائی دارالحکومت میں 44 عزاداری جلوس،380 مجالس منعقد ہوئیں کیٹیگری اے کے 04 عزاداری جلوس، 47 مجالس شامل تھیں،آئی جی پنجاب نے کہاکہ آر پی اوز، ڈی پی اوز تمام سکیورٹی انتظامات کی خود نگرانی کر رہے ہیں،سیف سٹی اتھارٹی، سنٹرل پولیس آفس اور تمام اضلاع میں قائم کنٹرول رومز سے سکیورٹی انتظامات کی لمحہ بہ لمحہ نگرانی کی جا رہی ہے،سی سی ٹی وی کیمروں، واک تھرو گیٹس، میٹل ڈکٹیٹرز سمیت دیگر آلات سے سکیورٹی انتظامات کو یقینی بنایا جارہا ہے،آئی جی پنجاب نے مزیدکہاکہ یوم عاشور کے مرکزی جلوسوں اور مجالس کی سکیورٹی کیلئے تمام وسائل کو بروئے کار لایا جائے گا۔ روٹس پر آنے والی عمارتوں کی چھتوں پر روف ٹاپ ڈیوٹی کیلئے سنائپرز،جلوسوں کے ساتھ سادہ لباس میں کمانڈوز تعینات کیا جائے گا۔
(ہینڈ آؤٹ نمبر 475 )
سیدمبشر حسین
ڈائریکٹر پبلک ریلیشن
پنجاب پولیس
***************************


Press Release Date:
Friday, July 28, 2023