کشمور،سکھر،کندھکوٹ،قنبرعلی خان(بیورو رپورٹ ،نامہ نگاران) پولیس کی کچے کے علاقے میں بڑی کارروائی ، سرغنہ سمیت 8 ڈاکو ہلاک، تفصیلات کے مطابق کشمور پولیس کی کچے کے علاقے میں ڈاکوؤں کیخلاف جاری آپریشن میں بڑی کامیابی، دہشت کی علامت سمجھے جانیوالا انعام یافتہ بدنام زمانہ ڈاکو 8 ساتھیوں سمیت پولیس مقابلے میں مارا گیا، مارے گئے ڈاکو جانو انڈھڑ کی زندہ یا مردہ گرفتاری پر ایک کروڑ روپے انعام مقرر تھا، ڈاکوؤں کے گروہوں میں کھلبلی مچ گئی، ڈاکو خوف کا شکار، کمین گاہوں میں چھپ کر بیٹھ گئے، پولیس کا مورال بلند، پولیس افسران و اہلکار ڈاکوؤں کا مکمل قلع قمع کرنے کے لئے پرعزم ہیں، کچے کے علاقوں کو پولیس نے گھیرے میں لے رکھا ہے، ڈاکوؤں کے فرار کے تمام راستے بند ہیں، بڑے ڈاکو کے پولیس مقابلے میں مارے جانے کے بعد ڈاکو اپنی کمین گاہوں میں چھپ کر بیٹھ گئے ہیں اور فرار کی راہیں تلاش کررہے ہیں تاہم پولیس نے مکمل طور پر محاصرہ کررکھا ہے۔ آپریشن کمانڈر ایس ایس پی امجد احمد شیخ کی سربراہی میں پولیس نے کچے کے علاقے گبل پور میں موجود ڈاکوؤں کے خاتمے کے لئے آپریشن شروع کیا۔ پولیس نے ڈاکوؤں پر کاری ضرب لگاتے ہوئے بدنام زمانہ ڈاکو جانو انڈھڑ سمیت 8ساتھیوں کو موت کے گھاٹ اتار دیا۔ انٹیلی جنس بنیادوں پر ملنے والی خفیہ اطلاعات پر مذکورہ علاقے کا محاصرہ کیا گیا تو وہاں موجود ڈاکوؤں اور پولیس کے درمیان دوبدو فائرنگ کا تبادلہ ہوا، پولیس کے اہلکاروں نے جوانمردی سے ڈاکوؤں کا مقابلہ کیا، اس دوران پولیس کی گولیاں لگنے سے خوف و دہشت کی علامت سمجھے جانیوالا انڈھر گینگ کا جانو انڈھڑ اپنے 3ساتھیوں سمیت مارا گیا۔ ایس ایس پی امجد احمد شیخ کے مطابق بدنام زمانہ ڈاکو جانو انڈھڑ کی زندہ یا مردہ گرفتاری پر حکومت سندھ نے تین کروڑ روپے انعام مقرر کررکھا تھا ۔مارے گئے دیگر ڈاکوؤں جن میں جانو انڈھڑ، سومر شر، نظرو شر، مشیرو انڈھڑ، شہزادو دستی کے نام سے ہوئی ہیں، مارے گئے تمام ڈاکووں پر حکومت سندھ کی جانب سے بھاری انعام مقرر ہے جبکہ دیگر ڈاکوؤں کی شناخت کی جارہی ہے۔ پولیس کی جانب سے ڈاکوؤں کیخلاف آپریشن میں بڑی کامیابی کے بعد ڈاکوؤں میں خوف و ہراس پھیل گیا ہے اور ان کے دلوں میں پولیس کا ڈر بیٹھ گیا ہے، ڈاکو پولیس سے مقابلہ کرنے کے بجائے اپنی کمین گاہوں میں چھپ کر بیٹھ گئے ہیں۔
(روز نامہ جنگ)
٭٭٭٭٭٭٭٭٭٭٭