علماءکرام گفتار کےساتھ کردار کے بھی غازی ہیں، آئی جی پنجاب

Jul 22, 2023

لاہور (کر ائم رپو رٹر)انسپکٹر جنرل پولیس پنجاب ڈاکٹر عثمان انور نے قیام امن، بین المسالک ہم آہنگی، اتحاد بین المسلمین کے فروغ میں علما کرام کے کردار کو سراہتے ہوئے کہا ہے کہ امن کا پرچار کرنے والے علماءکرام گفتار کے ساتھ کردار کے بھی غازی ہیں۔ ڈاکٹر عثمان انور نے ان خیالات کا اظہار سنٹرل پولیس آفس میں چئیرمین مرکزی رویت ہلال کمیٹی مولانا سید محمد عبدالخبیر آزاد کی قیادت میں آئے علماءکرام، مشائخ عظام اور سکالرز کے وفد سے ملاقات کرتے ہوئے کہا۔ مولانا سید محمد عبدالخبیر آزاد کی زیر قیادت وفد میں لاہور سمیت پنجاب بھر سے تمام مکاتب فکر کے علما کرام،مشائخ عظام اور سکالرز نے سنٹرل پولیس آفس کا دورہ کیا اور آئی جی پنجاب ڈاکٹر عثمان انور سے ملاقات کی۔ دوران ملاقات آئی جی پنجاب نے کہاکہ سوشل میڈیا پر نفرت انگیزی اور انتشار پھیلانے والے شرپسند عناصر کا مشترکہ کوششوں سے تدارک کریں گے ڈاکٹر عثمان انور نے کہاکہ عاشورہ محرم کے دوران اسٹیک ہولڈرز کے درمیان کوارڈی نیشن اور مسائل کے حل کیلئے پولیس فوکل پرسنز تعینات کئے گئے ہیں ملاقات کے بعدآئی جی پنجاب نے علما کرام کوسنٹرل پولیس آفس میں شہداءو غازی وال کا دورہ بھی کروایا، علمائے کرام نے یادگار پر پھول چڑھائے اور شہداءکے درجات کی بلندی کیلئے فاتحہ خوانی کی گئی علمائے کرام کے وفد میں مولانا مفتی مبشر احمد، مولانا زبیر احمد میر، علامہ کاظم رضا نقوی، مولانا پیر مسعود قاسم قاسمی، حافظ اسد عبید، علامہ رشید ترابی شامل، مفتی سید عاشق حسین شاہ، حافظ خالد حسن، مولانا آصف اکبر قادری، پیر عثمان نوری، مولانا عبدالوہاب روپڑی،علامہ شکیل الرحمان ناصر اور مولانا عبدالستار نیازی سمیت دیگر علما کرام بھی موجود تھے۔

(روز نامہ پاکستان)

٭٭٭٭٭٭٭٭٭٭٭