لاہور(نامہ نگار)انسپکٹر جنرل پولیس پنجاب ڈاکٹر عثمان انور کی ہدایت پردوران ڈیوٹی بہترین کارکردگی کے حامل افسران واہلکاروں کے اعزاز میں سنٹرل پولیس آفس میں تقریب کا انعقاد کیا گیا۔ جس میں آئی جی پنجاب ڈاکٹر عثمان انور نے محنتی، قابل اور فرض شناس افسران واہلکاروں کو کیش انعامات اور تعریفی اسناد سے نوازا۔انعامات حاصل کرنے والوں میں لاہوراور فیصل آباد سمیت مختلف اضلاع سے تعلق رکھنے والے 88 افسران و اہلکاروں شامل تھے جنہیں آئی جی پنجاب نے کیش انعامات و تعریفی اسناد دیں۔ آئی جی پنجاب ڈاکٹر عثمان انور نے دوران خطاب افسران کو اہم ہدایات جاری کیں۔ڈاکٹر عثمان انور نے کہاکہ بہترین کارکردگی پر مرحلہ وار صوبے کے تمام اضلاع کے افسران و اہلکاروں کو انعامات سے نوازا گیا ہے،محکمے کی جانب سے ملنے والی اس عزت افزائی کو فرائض کی مزید بہتر ادائیگی کی صورت عوام تک پہنچائیں۔ پولیس ملازمین اور انکے اہل خانہ کی ویلفیئر، محکمانہ پروموشنز اور کیرئر گروتھ کیلئے تاریخی اقدامات کئے ہیں، ان تمام پروموشن، ایوارڈز، تعلیم، ہیلتھ اینڈ ویلفیئر سے فورس کی پرفارمنس میں بہتری آنا یقینی امر ہے۔سمارٹ پولیسنگ کےلئے کرائم پریوینشن ایپ، ای پوسٹ سمیت جدید ٹیکنالوجی سے استفادہ کریں اور انسداد جرائم کےساتھ ساتھ شہریوں کو خدمات کی فراہمی کا عمل مزید تیز کریں۔ لاہور سیف سٹی کی طرز پر فیصل آباد، گوجرانوالہ اور راولپنڈی سمیت دیگر شہروں میں منی سیف سٹیز بنائیں گے۔ڈی آئی جی ہیڈ کوارٹرز ہمایوں بشیر تارڑ، ڈی آئی جی آئی ٹی احسن یونس، اے آئی جی ڈسپلن احسن سیف اللہ سمیت دیگر افسران نے بھی تقریب میں شرکت کی۔
(روز نامہ نوائےوقت)
٭٭٭٭٭٭٭٭٭٭٭٭٭