انٹر پول کی مدد سے متحدہ عرب امارات سے 3اشتہاری گرفتار

Jul 20, 2023

لاہور(نامہ نگار) انسپکٹر جنرل پولیس پنجاب ڈاکٹر عثمان انور کی ہدایت پر بیرون ملک مفرور اشتہاریوں کے خلاف کریک ڈاو¿ن جاری ہے اورا سی تسلسل میں پنجاب پولیس متحدہ عرب امارات سے 3خطرناک اشتہاری گرفتار کرکے پاکستان پہنچ گئی ہے۔ اشتہاری مجرمان شعیب غنی، خالد محمود اور عبدالحامد سنگین جرائم کا ارتکاب کرکے بیرون ملک فرار ہو گئے تھے، پنجاب پولیس کی ٹیم تینوں اشتہاری مجرمان کو گرفتار کرکے لاہور ائیر پورٹ پہنچ گئی۔ترجمان پنجاب پولیس نے بتایا کہ مذکورہ تین اشتہاریوں کی گرفتاری سے بیرون ملک سے گرفتار اشتہاریوں کی سنچری مکمل ہو گئی ہے۔ گرفتار 100 اشتہاری مجرمان کو امریکہ، برطانیہ، یورپ، جنوبی افریقہ، متحدہ عرب امارات سمیت دیگر ممالک سے گرفتار کرکے پاکستان لایا گیا ہے۔ گرفتار اشتہاری خالد محمود قتل کے مقدمہ میں خانیوال پولیس کو مطلوب تھا، شعیب غنی اقدام قتل کے مقدمہ میں فیصل آباد پولیس جبکہ عبدالحامد قتل کے مقدمہ میں مردان پولیس کو مطلوب تھا، خیبر پختونخواہ پولیس کی درخواست پر اشتہاری عبدالحامد کو پاکستان لا کر مردان پولیس کے حوالے کیا گیا۔ تینوں ملزمان کو انٹر پول کی مدد سے ریڈ نوٹس جاری کروا کر پاکستان لایا گیا۔

(روز نامہ نوائے وقت)

٭٭٭٭٭٭٭٭٭٭٭٭