آئی جی پنجاب ڈاکٹر عثمان انور کا تھانہ کلچر میں تبدیلی، خدمت مراکز سے پولیس سروسز کی فراہمی بارے اہم پیغام جاری
تھانہ کلچر کا لفظ استعمال کرکے عموماً پنجاب پولیس کو طعنے دئیے جاتے ہیں، آئی جی پنجاب
پنجاب پولیس تھانہ کلچر کی تنقید سے گھبرائے بغیرعوام کی جان ومال کے تحفظ اور خدمت کیلئے کوشاں ہے۔ آئی جی پنجاب
انسپکٹر جنرل پولیس پنجاب ڈاکٹر عثمان انور نے تھانہ کلچر میں تبدیلی، خدمت مراکز سے پولیس سروسز کی فراہمی بارے اہم پیغام جاری کردیا ہے، شہریوں اور فورس کے نام جاری پیغام میں آئی جی پنجاب نے کہاکہ تھانہ کلچر کا لفظ استعمال کرکے عموماً پنجاب پولیس کو طعنے دئیے جاتے ہیں لیکن تھانہ کا کلچر کسی حد تک معاشرے کا بھی عکاس ہے، پولیس والے بھی انسان ہیں،ان سے بسا اوقات اختیارات سے تجاوز ہوجانا ممکن ہے تاہم روایتی تھانہ کلچر کو تبدیل کرنے کیلئے پنجاب پولیس نے خدمات کی فراہمی اور پولیسنگ کو الگ کردیا ہے۔ آئی جی پنجاب نے کہاکہ تھانہ کلچر کو بہتر بنانے کیلئے پولیس خدمت مراکز کی صورت میں انتہائی اچھی کاوش کی گئی ہے، پولیس خدمت مراکز نے ایف آئی آر اور تفتیش کے بنیادی کام کو پولیس سروسز سے الگ کر دیا ہے۔ کریکٹر سرٹیفیکیٹ،ڈرائیونگ لائسنس،اجازت نامہ، تفتیش سے غیر متعلقہ کوئی بھی انفارمیشن یا سہولت کے لئے شہریوں کواب تھانہ جانے کی قطعی ضرورت نہیں۔ ڈاکٹر عثمان انور نے کہاکہ صوبے کے تمام اضلاع میں تقریبا ڈیڑھ کروڑ شہری پولیس خدمت مراکز سے استفادہ حاصل کر چکے ہیں اور شہریوں کی سہولت کیلئے بیشتر شہروں میں پولیس خدمت مراکز کو ٹریفک لائسنسنگ سمیت ہمہ وقت فعال کر دیا گیا ہے جبکہ پولیس خدمت مراکز کی سہولیات شہری اب گھر بیٹھے پنجاب پولیس ایپ سے بھی حاصل کر سکتے ہیں۔ پنجاب پولیس تھانہ کلچر کی تنقید سے گھبرائے بغیر آپ کی خدمت کیلئے کوشاں ہیں۔
آئی جی پنجاب نے کہاکہ تھانوں کے اندر ہر کام کی انجام دہی کے حوالے سے ٹائم لائن آویزاں کر دی گئی ہیں۔ ایف آئی آر درج کروانا ہر شہری کا قانونی و آئینی حق ہے، جرم کی نوعیت کے حوالے سے شہریوں کی سہولت اور پیشہ ورانہ امور کی تیز رفتار انجام دہی کیلئے تھانوں میں ہر واقعہ پر پولیس ایکشن کی ٹائم لائن مقرر کر دی گئی ہیں۔ آئی جی پنجاب نے کہا کہ تھانے میں درخواست کی موصولی کے بعد ہر شہری کو کمپیوٹرائزڈ نمبر، بنیادی حقوق سے آگاہی اور ممکنہ سوالات بارے تفصیلات دی جا رہی ہیں۔ ایف آئی آر کے اندراج کے بعد جرم کی نوعیت کے مطابق ایڈوائزری، پولیس و شہریوں کے فرائض بارے کی آگاہی بھی دے دی جاتی ہے۔ اس کے بعد 1787 پولیس کمپلینٹ سنٹر، متعلقہ اہم ویب سائٹس اور شہریوں کی خدمت میں مصروف دیگر اداروں سے رابطے کی تفصیلات درخواست کنندہ کو دے دی جاتی ہیں جن کے ذریعے شہری اپنے مسائل پر پولیس ایکشن میں تاخیر یا غیر مطمئن ہونے کی صورت سینئر افسران سے بھی رابطہ کر سکتے ہیں۔ڈاکٹر عثمان انور نے کہاکہ آئیے یقینی بنائیں کہ آپ کسی کے ساتھ زیادتی کئے بغیر اپنا قانونی حق لیں گے، پولیس آپ کو ہر ممکن معاونت فراہم کرے گی۔
(ہینڈ آؤٹ نمبر 438 )
سیدمبشر حسین
ڈائریکٹر پبلک ریلیشن
پنجاب پولیس
**************************