لاہور(نامہ نگار)انسپکٹر جنرل پولیس پنجاب ڈاکٹر عثمان انور نے دوران ڈیوٹی بہترین کارکردگی کے حامل افسران و اہلکاروں کی خدمات کے اعتراف میں سنٹرل پولیس آفس میں تقریب کا انعقاد کیا جس میں 89افسران و اہلکاروں کو بہترین کارکردگی پر کیش انعامات و تعریفی اسناد سے نوازا گیا۔ ڈاکٹر عثمان انور نے کہا کہ پنجاب کے 3 شہروں میں جدید ٹیکنالوجی کے حامل سیف سٹی پراجیکٹس شروع کر رہے ہیں۔ لاہور سمیت صوبے کے مختلف اضلاع میں شہریوں کی سہولت کیلئے نئے ڈرائیونگ لائسنس سنٹرز بنا رہے ہیں۔ لائسنسنگ اجراءسے حاصل ہونے والی آمدنی کا 20 فیصد ٹریفک فورس کی ویلفیئر پر خرچ ہوگا۔14 اگست تک شہدائے پولیس کے بچوں کو جدید ترین کمپیوٹر ٹیبس دیں گے۔ دریں اثناءڈاکٹر عثمان انور سے لاہور ہائیکورٹ بار ایسوسی ایشن کے وفد نے سنٹرل پولیس آفس میں ملاقات کی۔ صدر لاہور بار ایسوسی ایشن رانا انتظار کی قیادت میں آئے وفد میں آصف امین گورایہ، ندیم انجم، ملک کفیل کھوکھر، عمر وقاص وڑائچ اور رانا کامران سمیت دیگر وکلا حضرات شامل تھے۔دوران ملاقات عدالتوں، کچہریوں اور چیمبرز کی سکیورٹی سمیت باہمی دلچسپی کے امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ جبکہ آئی جی نے سیلاب سے متاثرہ علاقوں میں پولیس ریلیف سرگرمیوں کو مزید تیز کرنے کی ہدایات جاری کردیں ہیں۔
(روز نامہ نوائے وقت)
٭٭٭٭٭٭٭٭٭٭٭
