سنٹرل پولیس آفس: بہترین کارکردگی کے حامل افسران و اہلکاروں کے اعزاز میں تقریب منعقد
آئی جی پنجاب نے 89 افسران و اہلکاروں کو بہترین کارکردگی پر کیش انعامات و تعریفی اسناد سے نوازا، خطاب میں اہم ہدایات جاری کیں۔
انسپکٹر جنرل پولیس پنجاب ڈاکٹر عثمان انور نے دوران ڈیوٹی بہترین کارکردگی کے حامل افسران و اہلکاروں کی خدمات کے اعتراف میں سنٹرل پولیس آفس میں تقریب کا انعقاد کیا جس میں افسران و اہلکاروں کو بہترین کارکردگی پر کیش انعامات و تعریفی اسناد سے نوازا گیا۔ ڈاکٹر عثمان انور نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ پنجاب کے 03 شہروں میں جدید ٹیکنالوجی کے حامل سیف سٹی پراجیکٹس شروع کر رہے ہیں، ان پراجیکٹس سے جرائم کی روک تھام، مجرمان کی شناخت، امن و امان کو برقرار رکھنے اور ٹریفک مینجمنٹ میں مدد ملے گی۔ آئی جی پنجاب نے مزید کہا کہ لاہور سمیت صوبے کے مختلف اضلاع میں شہریوں کی سہولت کیلئے نئے ڈرائیونگ لائسنس سنٹرز بنا رہے ہیں، لائسنسنگ اجراء سے حاصل ہونے والی آمدنی کا 20 فیصد ٹریفک فورس کی ویلفیئر پر خرچ ہوگا۔ آئی جی پنجاب نے مزید کہا کہ ٹریفک وارڈنز کا سروس سٹرکچر بہتر کردیا، ڈی ایس پی رینک تک پروموشن کیلئے سیٹ بنا رہے ہیں۔ جبکہ پاسبان پراجیکٹ کے تحت چھوٹے اضلاع میں بھی سیف سٹی کا دائرہ کار بڑھا رہے ہیں۔ آئی جی پنجاب نے مزید کہا کہ سی آئی اے کا دائرہ کار اور نیٹ ورک صوبے کے تمام اضلاع تک بڑھا رہے ہیں، 14 اگست تک شہدائے پولیس کے بچوں کو جدید ترین کمپیوٹر ٹیبس دیں گے۔ آئی جی پنجاب نے ہدایت کی کہ منشیات کے خاتمے کیلئے کریک ڈاؤن کو موثر سپرویژن سے مزید تیز کیا جائے اور اس ناسور کا جڑ سے خاتمہ یقینی بنایا جائے۔
دوران تقریب آئی جی پنجاب نے 89 افسران و اہلکاروں کو کیش انعامات اور تعریفی اسناد سے نوازا، انعامات حاصل کرنے والوں میں فیصل آباد ریجن کے کانسٹیبل سے انسپکٹر رینک اور مختلف فیلڈ فارمیشنز کے افسران و اہلکار شامل تھے۔ دوران تقریب ڈی آئی جی آئی ٹی احسن یونس،ڈی آئی جی ہیڈ کوارٹرز ہمایوں بشیر تارڑ، اے آئی جی ڈسپلن احسن سیف اللہ سمیت دیگر افسران بھی موجود تھے۔
(ہینڈ آؤٹ نمبر 432 )
سیدمبشر حسین
ڈائریکٹر پبلک ریلیشن
پنجاب پولیس
**************************

