آئی جی کانسٹیبلری کی خدمات کے اعتراف میں تاریخی اقدام

Jul 14, 2023

انسپکٹر جنرل پولیس پنجاب ڈاکٹر عثمان انور نے بطور کانسٹیبل پولیس فورس میں خدمات سر انجام دینے والے ہزاروں ملازمین کی عزت و تکریم میں اضافے کیلئے تاریخی اقدام اٹھایا ہے۔ ڈاکٹر عثمان انور نے پولیس فورس کے تمام کانسٹیبلز کی خدمات کے اعتراف میں انہیں خصوصی شولڈر بریڈز لگانے کا آغاز کر دیا ہے۔ سنٹرل پولیس آفس میں خدمات سر انجام دینے والے کانسٹیبلز کے اعزاز میں خصوصی تقریب کا انعقاد کیا گیا جس میں آئی جی پنجاب ڈاکٹر عثمان انور نے کانسٹیبلز کو مدت ملازمت کے مطابق شولڈر بریڈز لگائے، 10 سے 20 سال سروس والے کانسٹیبلز کو ایک بریڈ (سٹریپ) لگایا، 20 سے 30 سال والے کانسٹیبلز کو 02 بریڈ، 30 سال سے زائد سروس والے کانسٹیبلز کو 3 بریڈز لگائے گئے۔آئی جی پنجاب نے کہا کہ کانسٹیبلری کی خدمات کا اعتراف کرتے ہوئے انکی عزت و تکریم میں اضافہ کیا گیا اور صوبے کی تمام ریجنز اور اضلاع میں کانسٹیبلری کو بریڈز لگائے جا رہے ہیں۔ آئی جی پنجاب نے مزید کہا کہ کانسٹیبلز محکمہ پولیس کی ریڑھ کی ہڈی کی حیثیت رکھتے ہیں اور اب محکمہ کی جانب سے دی جانے والی اس عزت افزائی اور وقار کو بحال رکھنا کانسٹیبلز کا کام ہے۔ ڈاکٹر عثمان انور نے مزید کہا کہ کانسٹیبلری کی ویلفیئر کیلئے ہیلتھ، ایجوکیشن، محکمانہ ترقیوں اور استعداد کار میں اضافے سمیت تمام وسائل بروئے کار لا رہے ہیں۔

(روز نامہ جناح)

٭٭٭٭٭٭٭٭٭٭٭٭