آئی جی پنجاب ڈاکٹر عثمان انور کی وین آتشزدگی میں مسافروں کی جانیں بچانے والے ہیڈ کانسٹیبل سے ملاقات
ڈاکٹر عثمان انور نے ہیڈ کانسٹیبل شاہد صفدر کو بہادری و فرض شناسی کے بے مثال مظاہرے پر سینے سے لگا کر شاباش دی.
آئی جی پنجاب نے ہیڈ کانسٹیبل شاہد صفدر کو تعریفی سند اور کیش ایوارڈ سے نوازا۔
انسپکٹر جنرل پولیس پنجاب ڈاکٹر عثمان انور نے سرگودھا میں وین آتشزدگی میں مسافروں کی جانیں بچانے والے ہیڈ کانسٹیبل شاہد صفدر سے اپنے دفتر میں ملاقات کی، ڈاکٹر عثمان انور نے ہیڈ کانسٹیبل شاہد صفدر کو بہادری و فرض شناسی کے بے مثال مظاہرے پر سینے سے لگا کر شاباش دی اور تعریفی سند اور کیش ایوارڈ سے بھی نوازا۔ آئی جی پنجاب ڈاکٹر عثمان انور نے کہا کہ ہیڈ کانسٹیبل شاہد صفدر جیسے پولیس جوان پنجاب پولیس کا فخر اور قیمتی سرمایہ ہیں، ایسے فرض شناس اہلکاروں کی حوصلہ افزائی محکمہ پولیس کی دیرینہ روایت ہے اور اس کا سلسلہ ہر سطح پر جاری رہے گا۔
ترجمان پنجاب پولیس نے بتایا کہ پنجاب پولیس سرگودھا کے ہیڈ کانسٹیبل شاہد صفدر نے اپنی جان کی پرواہ کئے بغیر جلتی وین سے 12 مسافروں کو بحفاظت باہر نکالا۔ اڈہ بھلوال سے کوٹ مومن کیلئے روانہ ہونے والی وین کا گیس سلنڈر لیک ہوگیا تھا، سلنڈر لیک ہونے سے وین میں شدید آگ لگ گئی تھی، ڈرائیور مسافروں کو وین میں چھوڑ کر موقع سے فرار ہوگیا تھا، فرنٹ سیٹ پر بیٹھے شاہد صفدر نے جرات کا مظاہرہ کرتے ہوئے وین کا دروازہ توڑ کر 12 افراد کو بحفاظت ریسکیو کیا، حادثہ میں 07 افراد جھلس کر ہلاک ہوئے، ہیڈ کانسٹیبل شاہد کی بروقت مدد سے 12 افراد کی جانیں بچانا ممکن ہوا۔ ایڈیشنل آئی جی سپیشل برانچ ذوالفقار حمید،ڈی آئی جی ہیڈ کوارٹرز ہمایوں بشیر تارڑ،دیگر افسران بھی ملاقات میں موجود تھے۔
(ہینڈ آؤٹ نمبر 414)
سیدمبشر حسین
ڈائریکٹر پبلک ریلیشن
پنجاب پولیس
***************************

Press Release Date:
Wednesday, July 12, 2023