آئی جی کی خاتون کوبچوں سمیت خودکشی سے بچانیوالی پی ایچ پی ٹیم کو شاباش

Jul 12, 2023

لاہور (کر ائم رپو رٹر)انسپکٹر جنرل پولیس پنجاب ڈاکٹر عثمان انور نے شیخوپورہ میں خاتون کو بچوں سمیت خود کشی سے بچانے پر پی ایچ پی ٹیم سے ملاقات کی اور اے ایس آئیز عمران شہزاد اور قیصر عباس کو سینے سے لگا کر حوصلہ افزائی کی۔ دونوں اہلکاروں نے نہر میں خود کشی کی غرض سے کودنے کی کوشش کرنے والی خاتون اور اسکے بچوں کو بچایا تھا۔ ڈاکٹر عثمان انور نے پی ایچ پی کے دونوں اہلکاروں کو احسن اقدام پر شاباش دی، آئی جی پنجاب نے خاتون سے دفتر میں ملاقات کی، کم سن بچوں سے شفقت کا اظہار کیا جبکہ انکی والدہ کی مالی امداد بھی کی، ڈاکٹر عثمان انور نے متعلقہ پولیس افسران کو متاثرہ خاتون کے خاوند سے رابطہ کرکے افہام و تفہیم سے مسئلہ حل کروانے کی ہدایت کی دوسری جانب انسپکٹر جنرل پولیس پنجاب نے دوران سروس پی ایچ ڈی مکمل کرنے پر لاہور ٹریفک پولیس کے ہونہار وارڈن ڈاکٹر محمد عابد نذیر سے ملاقات کرکے حوصلہ افزائی کی۔ آئی جی پنجاب نے محمد عابد نذیر کے یونیفارم پر ڈاکٹر کے نام والی نیم پلیٹ چسپاں کی اور شاندار کارنامے پر ڈاکٹر محمد عابد نذیر کو تعریفی سند سے نوازا۔ 

(روز نامہ پاکستان)

٭٭٭٭٭٭٭٭٭٭٭٭٭