لاہور(نامہ نگار)انسپکٹر جنرل پولیس پنجاب ڈاکٹر عثمان انور کی ہدایت پر خطرناک اشتہاریوں کی گرفتاری کیلئے کریک ڈاو¿ن جاری ہے اسی سلسلے میں پنجاب پولیس نے جرائم کی متعدد وارداتوں میں مطلوب خطرناک اشتہاری قمر کو دبئی سے گرفتار کر لیا ہے۔ ترجمان پنجاب پولیس نے بتایا کہ ملتان پولیس نے جرائم کی متعدد وارداتوں میں مطلوب خطرناک اشتہاری ملزم قمر کو دبئی سے گرفتار کر لیا، انٹرپول کی مدد سے ملزم پاکستان منتقل جبکہ مزید کاروائی کیلئے وہاڑی پولیس کے حوالے کر دیا گیا۔ اشتہاری ملزم قمر ڈکیتی، رابری سمیت جرائم کی متعدد وارداتوں میں پولیس کو مطلوب تھا، ملزم قمر کی گرفتاری سے بیرون ملک مفرور گرفتار ہونے والے اشتہاریوں کی مجموعی تعداد 96 ہو گئی ہے۔ ملتان پولیس نے گذشتہ دو ماہ میں بیرون ملک مفرور اشتہاریوں کی گرفتاری کیلئے 40 ریڈ نوٹس جاری کروائے، 7 اشتہاریوں کو مختلف ممالک سے گرفتار کرکے پاکستان منتقل کیا جبکہ دیگر ملزمان کو گرفتاری کے بعد وطن واپس لایا جا رہا ہے۔ آئی جی پنجاب کی خطرناک اشتہاری کو گرفتار کرنے والی پولیس ٹیم کو شاباش دیتے ہوئے کہا کہ قتل، ڈکیتی اور دیگر سنگین جرائم میں ملوث ملزمان کی گرفتاری کیلئے تحرک جاری رکھا جائے۔ انٹرپول اور ایف آئی اے کی مدد سے ملزمان کی قانون کی گرفت میں لا کر سخت سے سخت سزائیں دلوائی جائیں، آر پی اوز، ڈی پی اوز بیرون ملک مفرور اشتہاریوں کی گرفتاری کی رپورٹس باقاعدگی سے سی پی او بھجوائیں۔
(روز نامہ نوائے وقت)
٭٭٭٭٭٭٭٭٭٭٭٭٭
