لاہور(نامہ نگار)انسپکٹر جنرل پولیس پنجاب ڈاکٹر عثمان انور نے فورس کی پروموشن اور ویلفیئر کے نئے سلسلے اور عام آدمی کو انصاف کی فراہمی کے حوالے سے فورس کےلئے جاری خصوصی ویڈیو پیغام میں کہا ہے کہ عام آدمی کو آئین کی دفعات، سی آر پی سی، پی پی سی یا قانون شہادت کی بجائے انصاف کے حصول سے غرض ہے۔ انصاف کی فراہمی یقینی بنانے کےلئے پہلا راستہ فورس پر سختی اور سزائیں دینا ہے۔دوسرا راستہ ویلفیئر اور پروموشن کی صورت میں فورس کو ان کا حق لوٹانا ہے، آپ کی کمانڈ نے متوازن راہ اپنا کر ہزاروں کی تعداد میں پروموشنز دیں،جس کا سلسلہ نہیں رکے گا، پروموشن کے 8 بورڈز کے بعد 9 واں، 10واں اور 11واں بورڈ بالکل تیار ہے، کانسٹیبلز سے ہیڈ کانسٹیبلز کی ترقی میں حائل تمام خامیاں اور رکاوٹیں دور کر دی گئی ہیں اور ہزاروں پروموشنز کا نیا سلسلہ اگلے ایک دو روز میں دوبارہ شروع کر رہے ہیں۔
رواں سال دسمبر تک کانسٹیبلز سے ہیڈ کانسٹیبلز کے عہدے پر ہزاروں پروموشنز کرتے رہیں گے، اے ایس آئی، سب انسپکٹر اور انسپکٹرز تھانہ کی ریڑھ کی ہڈی، لوگوں کو انصاف کی فراہمی کا اہم ذریعہ ہیں، پولیس افسران کی پروموشن یقینی بنانے کےلئے نامکمل ریکارڈ، اپیلوں اور اے سی آرز کو مکمل کیا گیا ہے،نئے ویلفیئر پراجیکٹس تیار ہیں، گزشتہ پراجیکٹس میں سرمایہ کاری کو مزید بہتر بنایا گیا ہے۔،
(روز نامہ نوائے وقت)
٭٭٭٭٭٭٭٭٭٭٭٭٭