پنجاب پولیس 3 افراد کے قاتل کو اٹلی سے پاکستان لے آئی

Jul 06, 2023

انسپکٹر جنرل پولیس پنجاب ڈاکٹر عثمان انور کی ہدایت پر بیرون ملک مفرور اشتہاریوں کے گرد گھیرا مزید تنگ کر دیا گیاہے  جس کے تسلسل میں پنجاب پولیس کی ٹیم  مخالف کو قتل اور دو پولیس اہلکاروں کو شہید کرکے اٹلی فرارہونے والے  محمد ارشدنامی اشتہاری  کو گرفتار کر کے پاکستان لے آئی ہے۔  ترجمان پنجاب پولیس نے بتایا کہ محمد ارشد نامی اشتہاری 10برس سے مفرور تھا اور اپنی شناخت چھپا کر مختلف ممالک میں روپوشی کی زندگی گذار رہا تھا جس کو سپیشل آپریشن سیل، سی آئی اے کی ٹیم نے اٹلی میں ٹریس کرکے اکتوبر میں گرفتار کیا اور انٹر پول کی مدد سے قانونی تقاضے پورے کرنے کے بعد پنجاب پولیس کی ٹیم ملزم کو اٹلی سے لے کر پاکستان پہنچ گئی ہے۔ ترجمان پنجاب پولیس نے مزید بتایا کہ اشتہاری محمد ارشد نے 2013 میں پولیس حراست میں اپنے مخالف شہاب دین کو قتل کیا تھا اور ملزم سے فائرنگ کے تبادلے میں دو پولیس اہلکاروں گلفان اللہ اور افتخار احمد نے بھی جام شہادت نوش کیا تھا۔
آئی جی پنجاب ڈاکٹر عثمان انور نے خطرناک اشتہار ی کو گرفتار کرکے پاکستان لانے والی ٹیم کو شاباش دیتے ہوئے سی پی او گوجرانوالہ رانا ایاز سلیم، انسپکٹر خالد نواز وریا اور سب انسپکٹرچمن شہزاد کی کارکردگی کو سراہا۔
(روز نامہ نئی بات)
٭٭٭٭٭٭٭٭٭٭٭٭