پنجاب پولیس اور ایف آئی اے کی مشترکہ کاروائی، بیرون ملک ملازمت کا جھانسہ دے کے شہریوں کو لوٹنے والا انسانی اسمگلر گرفتار
آئی جی پنجاب ڈاکٹر عثمان انور کی ہدایت،انسانی اسمگلنگ میں ملوث مرکزی ملزم محمد سعید کو گرفتار کر لیا گیا۔
پنجاب پولیس وہاڑی کی ٹیم نے جدید ٹیکنالوجی اور پیشہ وارانہ مہارت سے ملزم کو گرفتار کیا، ترجمان پنجاب پولیس
پنجاب پولیس اور ایف آئی اے نے مشترکہ کاروائی کرتے ہوئے بیرون ملک ملازمت کا جھانسہ دے کے سادہ لوح شہریوں کو لوٹنے والے انسانی اسمگلر گرفتار کر لیا ہے۔ آئی جی پنجاب ڈاکٹر عثمان انور کی ہدایت پر انسانی اسمگلنگ میں ملوث مرکزی ملزم محمد سعید کو پنجاب پولیس وہاڑی کی ٹیم نے جدید ٹیکنالوجی اور پیشہ وارانہ مہارت سے گرفتار کیا، ترجمان پنجاب پولیس نے بتایا کہ وہاڑی پولیس کو مدعی بلال شاہد کی طرف سے انسانی سمگلنگ میں ملوث 04 ملزمان کے خلاف بذریعہ ایف آئی اے شکایت موصول ہوئی، ملزمان پر شہریوں کو یونان میں ملازمت کا جھانسہ دے کر تاوان کی رقم وصول کرنے کا الزام تھا،ترجمان پنجاب پولیس نے مزید کہا کہ ملزمان سعید اور ظفر نے مدعی بلال شاہد سے 07 لاکھ روپے یونان بجھوانے کے لئے وصول کئے، ملزمان نے بلال شاہد کو کراچی ائیر پورٹ سے قطر کے راستے لیبیا بھجوا دیا، ترجمان پنجاب پولیس نے مزید کہا کہ ملزمان محمد رفیق اور جمشید نے لیبیا میں بلال شاہد کو ریسیو کیا اور 03 ماہ تک نظر بند رکھا، ملزمان نے بعد ازاں بلال شاہد کو کشتی کے ذریعے سمندری راستے سے یونان روانہ کیا، سفر کے دوران لیبیا کے سکیورٹی اداروں نے بلال شاہد کو دیگر مسافروں کے ہمراہ گرفتار کر لیا، ملزمان نے بلال شاہد کو دیگر مسافروں سمیت لیبیا کی فورسز سے وصول کیا اور انہیں یرغمال بنائے رکھا اور پھر ملزمان نے مدعی بلال شاہد کے والد سے 05 ہزار ڈالر لے کر اسے واپس پاکستان بجھوا دیا،
ترجمان پنجاب پولیس نے مزید کہا کہ گرفتار کئے گئے مرکزی ملزم سعید کو مزید تفتیش کیلئے ایف آئی اے کے حوالے کیا جارہا ہے اور انسانی سمگلنگ کے نیٹ ورک میں ملوث دیگر ملزمان کو جلد گرفتار کر لیا جائے گا۔ آئی جی پنجاب ڈاکٹر عثمان انور نے کہا کہ پنجاب پولیس ایف آئی اے اور دیگر اداروں کو ملزمان کی گرفتاری و تفتیش میں بھرپور تعاون فراہم کر رہی ہے، انسانی اسمگلنگ میں ملوث سفاک ملزمان کو جلد از جلد گرفتار کرکے سخت سے سخت سزا دلوائی جائے گی۔
(ہینڈ آؤٹ نمبر 387 )
سیدمبشر حسین
ڈائریکٹر پبلک ریلیشن
پنجاب پولیس
**************************
