آئی جی پنجاب ڈاکٹر عثمان انور کی ہدایت/بیرون ملک مفرور خطرناک اشتہاریوں کی گرفتاریوں کیلئے کریک ڈاؤن میں تیزی,
پنجاب پولیس نے رواں برس سنگین جرائم کا ارتکاب کرکے بیرون ملک مفرور یا فرار کی کوشش کرنے والے *86* اشتہاریوں کو 20 مختلف ممالک سے گرفتار کیا ۔
انسپکٹر جنرل پولیس پنجاب ڈاکٹر عثمان انور کی ہدایت پر بیرون ملک مفرور خطرناک اشتہاریوں کی گرفتاریوں کیلئے کریک ڈاؤن میں تیزی لائی گئی ہے اور پنجاب پولیس نے رواں برس سنگین جرائم کا ارتکاب کرکے بیرون ملک مفرور یا فرار کی کوشش کرنے والے *86* اشتہاریوں کو گرفتار کر لیا ہے ۔ بیرون ملک روانگی کیلئے ائیر پورٹ سے گرفتاری کے ساتھ ساتھ انٹرپول کی مدد سے *22* ممالک سے مذکورہ ملزمان کو گرفتار کیا گیا۔ جن میں *امریکہ ، برطانیہ ، سویڈن ، آسٹریلیا، فرانس ، یونان ، ترکی ، اٹلی، جاپان ، ساؤتھ افریقہ، سپین اور پرتگال ، ابو ظہبی، بحرین ، دبئی ، ایران ، کویت، مسقط، عمان ، سعودی عرب ، شارجہ اور متحدہ عرب امارات* شامل ہیں۔ گرفتار کئے گئے ملزمان میں سے 21 سیالکوٹ ، 12 گوجرانوالہ،11 گجرات ، 11 وزیر آباد ، 5 نارووال ، 5 منڈی بہاؤالدین اور 5 سرگودھا پولیس جبکہ باقی دیگر اضلاع کو مطلوب تھے اور یہ تمام اشتہاری قتل ،اقدام قتل ، اغواء برائے تاوان سمیت دیگر سنگین جرائم کا ارتکاب کرکے گذشتہ کئی برسوں سے مفرور تھے ۔
آئی جی پنجاب ڈاکٹر عثمان انور نے کہا کہ پنجاب پولیس انٹرپول ، ایف آئی اے اور دیگر ممالک کی پولیس و قانونی اداروں کے ساتھ معاونت سے اشتہاریوں کو گرفتار کرکے پاکستان لائی ہے۔ ڈاکٹر عثمان انور نے سنگین وارداتوں میں ملوث خطرناک اشتہاریوں کے گرد گھیرا مزید تنگ کرنے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ اے کیٹیگری کے اشتہاریوں کا تعاقب جاری رکھا جائے ، گرفتار کرکے قرار واقعی سزائیں دلوائی جائیں۔ ڈاکٹر عثمان انور نے مزید کہا اشتہاری مجرمان کے پاسپورٹس منسوخ کروائے جائیں ، انٹرپول اورایف آئی اے سمیت دیگر اداروں کے تعاون سے جلد از جلد پابند سلاسل کیا جائے۔
(ہینڈ آؤٹ نمبر 357 )
سیدمبشر حسین
ڈائریکٹر پبلک ریلیشن
پنجاب پولیس
***************************