آئی جی پنجاب ڈاکٹر عثمان انور کی ہدایت پر صوبہ بھر میں مویشی منڈیوں کی سکیورٹی اور ٹریفک مینجمنٹ کیلئے فول پروف انتظامات
انسپکٹر جنرل پولیس پنجاب ڈاکٹر عثمان انور نے کہاہے کہ عید قربان کی مناسبت سے لاہور سمیت صوبہ بھر میں مویشی منڈیوں، بیوپاریوں، شہریوں کی سکیورٹی اور ٹریفک مینجمنٹ کیلئے فول پروف انتظامات یقینی بنائے جائیں اور مویشی منڈیوں میں آنے والے بیوپاریوں، خریدار شہریوں کی جان ومال کے تحفظ کیلئے جامع حکمت عملی کے تحت اقدامات کئے جائیں۔ آئی جی پنجاب نے ہدایت کی کہ سپروائزری افسران مویشی منڈیوں کی سکیورٹی اور ٹریفک مینجمنٹ کے انتظامات کا خود جائزہ لیں،ضلعی انتظامیہ کے منظور کردہ پوائنٹس کے علاوہ کسی بھی جگہ مویشی منڈیاں لگانے کی ہرگز اجازت نہ دی جائے۔
ترجمان پنجاب پولیس نے بتایا کہ صوبہ بھر میں سرکاری سطح پر قائم کی گئی247 مویشی منڈیوں کی سکیورٹی کے فرائض 05 ہزار سے زائد افسران واہلکار سر انجام دے رہے ہیں جبکہ صوبائی دارالحکومت کی مویشی منڈیوں کی سکیورٹی کیلئے 01 ہزار سے زائد افسران و اہلکار تعینات ہیں۔ آئی جی پنجاب کی مویشی منڈیوں میں خریداروں کے رش کے پیش نظر سکیورٹی مزید سخت کرنے کی ہدایت دیتے ہوئے کہاکہ جرائم پیشہ افراد کی سرکوبی کے لئے مویشی منڈیوں کے مرکزی داخلی و خارجی راستوں پر خصوصی ناکے لگائے جائیں، غیر قانونی مویشی منڈیوں اور سیل پوائنٹس کیخلاف سخت قانونی کارروائی میں کوئی تاخیر نہ کی جائے۔آئی جی پنجاب نے سی ٹی اوز کو مویشی منڈیوں کے اطراف میں موثر ٹریفک مینجمنٹ کیلئے ٹھوس اقدامات کرنے کی ہدایت دی۔ انہوں نے کہاکہ ضلعی انتظامیہ کے تعاون سے مویشی منڈیوں میں پیچ ورک، روشنی کے مناسب انتظامات یقینی بنائیں۔ڈاکٹر عثمان انور نے کہاکہ بیوپاریوں اور شہریوں کو جعلی کرنسی سے لوٹنے والے نوسر بازوں کے خلاف سخت ایکشن لیا جائے، بیوپاریوں، خریداروں کو جیب تراشوں اور جرائم پیشہ افراد سے محفوظ رکھنے کیلئے موثر اقدامات کئے جائیں، ڈاکٹر عثمان انور نے ہدایت کی کہ مویشی منڈیوں کے اطراف میں ٹریفک کی بلاتعطل روانی کو یقینی بنائیں،ٹریفک وارڈنز کی اضافی نفری تعینات کی جائے جبکہ مویشی منڈیوں کے اطراف ڈولفن، پیرو سمیت تمام پٹرولنگ ٹیمیں موثر پٹرولنگ کریں۔
(ہینڈ آؤٹ نمبر 344 )
سیدمبشر حسین
ڈائریکٹر پبلک ریلیشن
پنجاب پولیس
*************************