رواں سال بیرون ملک مفرور ‘ فرار کی کوشش کرنےوالے 86 اشتہاری گرفتار

Jun 26, 2023

لاہور(نامہ نگار) انسپکٹر جنرل پولیس پنجاب ڈاکٹر عثمان انور کی ہدایت پر بیرون ملک مفرور خطرناک اشتہاریوں کی گرفتاریوں کیلئے کریک ڈاو¿ن میں تیزی لائی گئی ہے اور پنجاب پولیس نے رواں برس سنگین جرائم کا ارتکاب کرکے بیرون ملک مفرور یا فرار کی کوشش کرنے والے 86 اشتہاریوں کو گرفتار کر لیا ہے۔ بیرون ملک روانگی کیلئے ائیر پورٹ سے گرفتاری کےساتھ ساتھ انٹرپول کی مدد سے 22 ممالک سے مذکورہ ملزمان کو گرفتار کیا گیاجن میں امریکہ ، برطانیہ ، سویڈن ، آسٹریلیا، فرانس ، یونان ، ترکی ، اٹلی، جاپان ، ساو¿تھ افریقہ، سپین اور پرتگال ، ابو ظہبی، بحرین ، دبئی ، ایران ، کویت، مسقط، عمان ، سعودی عرب ، شارجہ اور متحدہ عرب امارات* شامل ہیں۔ گرفتار کئے گئے ملزمان میں سے 21 سیالکوٹ ، 12 گوجرانوالہ،11 گجرات ، 11 وزیر آباد ، 5 نارووال ، 5 منڈی بہاو¿الدین اور 5 سرگودھا پولیس جبکہ باقی دیگر اضلاع کو مطلوب تھے اور یہ تمام اشتہاری قتل ،اقدام قتل ، اغواءبرائے تاوان سمیت دیگر سنگین جرائم کا ارتکاب کرکے گذشتہ کئی برسوں سے مفرور تھے۔آئی جی پنجاب ڈاکٹر عثمان انور نے کہا کہ پنجاب پولیس انٹرپول ، ایف آئی اے اور دیگر ممالک کی پولیس و قانونی اداروں کےساتھ معاونت سے اشتہاریوں کو گرفتار کرکے پاکستان لائی ہے۔ ڈاکٹر عثمان انور نے سنگین وارداتوں میں ملوث خطرناک اشتہاریوں کے گرد گھیرا مزید تنگ کرنے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ اے کیٹیگری کے اشتہاریوں کا تعاقب جاری رکھا جائے ، گرفتار کرکے قرار واقعی سزائیں دلوائی جائیں۔ ڈاکٹر عثمان انور نے مزید کہا اشتہاری مجرمان کے پاسپورٹس منسوخ کروائے جائیں ، انٹرپول اورایف آئی اے سمیت دیگر اداروں کے تعاون سے جلد از جلد پابند سلاسل کیا جائے۔ 

(روز نامہ نوائے وقت)

٭٭٭٭٭٭٭٭٭٭٭