رینک میں اضافہ ذمہ داریوں میں اضافے کاعکاس ہے، آئی جی

Jun 12, 2023

لاہور(کرائم رپورٹر،کرائم رپورٹرسے) سنٹرل پولیس آفس میں ترقی پانے والے انسپکٹرز کے اعزاز میں خصوصی تقریب ہوئی ۔ڈاکٹر عثمان انور اور دیگر سینئر افسران نے ترقی پانے والے انسپکٹرز کو نئے عہدے کے رینک لگائے۔ فیصل آباد ریجن کے 20 اور شیخوپورہ ریجن کے 22 افسران کو نئے عہدے کے رینک لگائے گئے۔ انسپکٹرز کی عزت افزائی کی تقریب میں انکے اہل خانہ کو خصوصی طور پر مدعو کیا گیا ۔آئی جی پنجاب ڈاکٹر عثمان انور کا کہنا تھا کہ محکمانہ ترقی اور رینک میں اضافہ درحقیقت ذمہ داریوں میں اضافے کی عکاس ہے، تمام افسران نئے عہدے کے چیلنجز سے نبرد آزما ہونے کیلئے پہلے سے زیادہ محنت ، فرض شناسی اور خدمت خلق کے جذبے کو اپنا شعار بنائیں۔ڈاکٹرعثمان انور نے کہا کہ بہترین کمانڈر کے طور پر ماتحتوں کے ساتھ زیادہ وقت گزاریں ، ان کی ضروریات کا خیال رکھیں، اچھی کارکردگی کیلئے ہر ممکن رہنمائی کریں، خوش اخلاقی ، حسن سلوک اور خدمت خلق کے جذبے کے ساتھ ملک و قوم کی خدمت اور حفاظت کریں۔آئی جی پنجاب کا مزید کہنا تھا کہ پچھلے چار ماہ کے دوران ہر رینک اور فیلڈ فارمیشنز میں ریکارڈ ترقیاں دی گئیں ،آئی جی نےشہدا کے ورثاء کو سونے کے میڈلز جبکہ غازیوں کو چاندی کے تمغوں سے نوازا۔

(روز نامہ جنگ)

٭٭٭٭٭٭٭٭٭٭