شہریوں کوریلیف نہ ملاتوتمام ترقیاں بے معنی ،آئی جی

Jun 11, 2023

لاہور (کرائم رپورٹر،کرائم رپورٹر سے ) انسپکٹر جنرل پولیس پنجاب ڈاکٹر عثمان انور نے پولیس ٹریننگ کالج چوہنگ لاہور کا دورہ کیا اور زیر تربیت افسران و اہلکاروں سے خطاب میں اہم ہدایات جاری کیں۔ سندھ پولیس کے زیر تربیت ڈپٹی سپرنٹنڈنٹس افسران بھی اس موقع پر موجود تھے۔ آئی جی پنجاب نے کہا کہ پنجاب پولیس نے اپنے تمام تربیتی اداروں کو جدید سہولیات،اضافی وسائل، اپ گریڈ نصاب سے آراستہ کیا ہے اور ٹریننگ کورسز میں پولیسنگ اور مینجمنٹ کے ساتھ کریکٹر بلڈنگ اینڈ گرومنگ، سپورٹس و تخلیقی صلاحیتوں میں نکھار پیدا کرنا شامل ہیں، آئی جی نے کہا کہ سوا 4 ماہ میں پولیس پروموشنز، ویلفیئر اور انفراسٹرکچر ڈویلپمنٹ کے حوالے سے ریکارڈ کام کئے گئے ہیں، ڈاکٹر عثمان انور نے کہا کہ مشکل کا شکار شہریوں کو تھانوں میں اگر ریلیف نہ ملا تو یہ تمام ترقیاں، ویلفیئر اور انفراسٹرکچر لا معنی ہیں۔ آئی جی پنجاب نے کہا کہ سی آئی اے کا دائرہ کار بین الاضلاعی سطح تک بڑھا رہے ہیں۔ آئی جی پنجاب نے کہا کہ سینئر ٹریفک وارڈنز کو امتحانات اور میرٹ کی بنیاد پر ڈی ایس پی رینک تک پروموٹ کر رہے ہیں۔ آئی جی نے دوران تربیت بہترین کارکردگی کا مظاہرہ کرنے والے لیڈی پولیس افسران و اہلکاروں کو تعریفی اسناد اور نقد انعامات دیئے۔ آئی جی پنجاب نے شہید ایس ایچ او سٹی بھکر سب انسپکٹر محمد حیات خان کی بیوہ کو گھر کی چابیاں اور مالکانہ حقوق کے کاغذات دیئے۔

(روز نامہ جنگ)

************