آئی جی کی پنجاب پولیس کے سافٹ ویئر انجینئر سے ملاقات

Jun 08, 2023

انسپکٹر جنرل پولیس پنجاب ڈاکٹر عثمان انور نے پنجاب پولیس کے سافٹ وئیر انجینئر محمد حسنین سے ملاقات کی اور بے مثال عزم و ہمت پر بھرپور خراج تحسین پیش کیا۔ سنٹرل پولیس آفس کے مانیٹرنگ سیل میں تعینات محمد حسنین کی دونوں ٹانگیں اور بایاں بازو مکمل طور پر مصنوعی ہیں۔ آئی جی پنجاب نے محمد حسنین کو والدہ کے ہمراہ دفتر مدعو کیا اور اعلی خدمات پر شاندار خراج تحسین پیش کیا۔ آئی جی پنجاب نے تھانوں کی حوالات اور ایس ایچ او رومز میں سی سی ٹی وی مانیٹرنگ سسٹم فعال کرنے کے پراجیکٹ میں محمد حسنین کی خدمات کو سراہا۔آئی جی پنجاب نے کہاکہ محمد حسنین جیسے نوجوان اپنی محنت، لگن اور عزم و حوصلہ کی وجہ سے معاشرے کیلئے قابل تقلید ہیں،محمد حسنین کی کامیابی میں انکی باہمت والدہ کے کردار کو فراموش نہیں کیا جا سکتا جنہوں نے ان تھک محنت سے معذوری کے باوجود اپنے بیٹے کو کامیاب انسان بنایا۔
ترجمان پنجاب پولیس نے بتایا کہ 11 برس کی عمر میں ہیوی الیکٹرک تاروں کے کرنٹ سے محمد حسنین کی  دونوں ٹانگیں اور بایاں بازو جل کر خاکستر ہو گیا تھا، محمد حسنین کے والدین نے ہمت نہ ہاری، بیٹے کا ہر ممکن علاج کروایا، مصنوعی ٹانگیں اور ایک مکمل مصنوعی بازو لگوا دیا۔

(روز نامہ سٹی 42)