آئی جی پنجاب ڈاکٹر عثمان انور کی پنجاب پولیس کے سافٹ وئیر انجینئر محمد حسنین سے ملاقات، عزم و ہمت پر منفرد انداز میں خراج تحسین

آئی جی پنجاب ڈاکٹر عثمان انور کی پنجاب پولیس کے سافٹ وئیر انجینئر محمد حسنین سے ملاقات، عزم و ہمت پر منفرد انداز میں خراج تحسین
سنٹرل پولیس آفس کے مانیٹرنگ سیل میں تعینات محمد حسنین کی دونوں ٹانگیں اور بایاں بازو مکمل طور پر مصنوعی ہیں۔ ترجمان پنجاب پولیس
 تھانوں کی حوالات اور ایس ایچ او رومز میں سی سی ٹی وی مانیٹرنگ سسٹم فعال کرنے کے پراجیکٹ میں محمد حسنین کی خدمات کو سراہا گیا۔
محمد حسنین جیسے نوجوان اپنی محنت، لگن اور عزم و حوصلہ کی وجہ سے معاشرے کیلئے قابل تقلید ہیں۔ آئی جی پنجاب
11 برس کی عمر میں ہیوی الیکٹرک تاروں کے کرنٹ سے محمد حسنین کی دونوں ٹانگیں اور بایاں بازو جل کر خاکستر ہو گیا تھا۔ترجمان پنجاب پولیس۔

انسپکٹر جنرل پولیس پنجاب ڈاکٹر عثمان انور نے پنجاب پولیس کے سافٹ وئیر انجینئر محمد حسنین سے ملاقات کی اور بے مثال عزم و ہمت پر بھرپور خراج تحسین پیش کیا۔ سنٹرل پولیس آفس کے مانیٹرنگ سیل میں تعینات محمد حسنین کی دونوں ٹانگیں اور بایاں بازو مکمل طور پر مصنوعی ہیں۔ آئی جی پنجاب نے محمد حسنین کو والدہ کے ہمراہ دفتر مدعو کیا اور اعلی خدمات پر شاندار خراج تحسین پیش کیا۔ آئی جی پنجاب نے تھانوں کی حوالات اور ایس ایچ او رومز میں سی سی ٹی وی مانیٹرنگ سسٹم فعال کرنے کے پراجیکٹ میں محمد حسنین کی خدمات کو سراہا۔آئی جی پنجاب نے کہاکہ محمد حسنین جیسے نوجوان اپنی محنت، لگن اور عزم و حوصلہ کی وجہ سے معاشرے کیلئے قابل تقلید ہیں،محمد حسنین کی کامیابی میں انکی باہمت والدہ کے کردار کو فراموش نہیں کیا جا سکتا جنہوں نے ان تھک محنت سے معذوری کے باوجود اپنے بیٹے کو کامیاب انسان بنایا۔
ترجمان پنجاب پولیس نے بتایا کہ 11 برس کی عمر میں ہیوی الیکٹرک تاروں کے کرنٹ سے محمد حسنین کی  دونوں ٹانگیں اور بایاں بازو جل کر خاکستر ہو گیا تھا، محمد حسنین کے والدین نے ہمت نہ ہاری، بیٹے کا ہر ممکن علاج کروایا، مصنوعی ٹانگیں اور ایک مکمل مصنوعی بازو لگوا دیا۔ محمد حسنین کے تعلیمی سفر کے دوران اسکی والداسے خود اٹھا کر سکول لے جاتی رہیں اور بیٹے کو بھرپور محنت سے سکول، کالجز اور یونیورسٹی تعلیم کا سلسلہ مکمل کروایا۔ مقامی یونیورسٹی سے سافٹ وئیر انجینئرنگ کی ڈگری لینے کے بعد محمد حسنین نے 2017 میں بطور پولیس اسٹیشن اسسٹنٹ محکمہ کو جوائن کیا اورصوبے کے 700 سے زائد تھانوں کے حوالات اور ایس ایچ او رومز میں سی سی ٹی وی مانیٹرنگ کے پراجیکٹ میں محمد حسنین نے اپنا بھرپور کردار ادا کیا،آئی جی پنجاب نے محمد حسنین اور اسکے اہل خانہ کی عزم و ہمت اور محنت و لگن کے لازوال جذبے کو بھرپور خراج تحسین پیش کیا۔آئی جی پنجاب نے محمد حسنین کو سنٹرل پولیس آفس کی شہدا اور غازی وال کا وزٹ بھی کروایا۔ایڈیشنل آئی جی ویلفیئر ریاض نذیر گاڑا، ڈی آئی جی اسٹیبلشمنٹ ڈاکٹر انعام وحید خان اور ڈی آئی جی ہیڈ کوارٹرز ہمایوں بشیر تارڑ سمیت سنٹرل پولیس آفس کے دیگرپولیس افسران نے بھی محمد حسنین کی لازوال عزم و ہمت اور حوصلہ کو سراہا۔

 

(ہینڈ آؤٹ  نمبر 287 )

سیدمبشر حسین

ڈائریکٹر پبلک ریلیشن

پنجاب پولیس

**************************

 

Press Release Date: 
Wednesday, June 7, 2023