آئی جی پنجاب ڈاکٹر عثمان انور کا سی ٹی ڈی(کاؤنٹرٹیررازم ڈیپارٹمنٹ)کے اہلکاروں کی ورکنگ کے حوالے سے خصوصی پیغام
سی ٹی ڈی ملکی سلامتی،شہریوں کی جان و مال کاروبار اور املاک کے تحفظ کی علمبردار ہے،آئی جی پنجاب ڈاکٹر عثمان انور
شب و روز خاموشی اور محنت سے ملک و قوم کی حفاظت یقینی بنانے والے ان پراسرار بندوں کی تکریم ہم پر لازم ہے، ڈاکٹر عثمان انور
انسپکٹر جنرل پولیس پنجاب ڈاکٹر عثمان انور نے صوبے سے دہشت گردی اور شدت پسندی کے خاتمے میں ہراول دستے کا کردار ادا کرنے پر سی ٹی ڈی فورس کی شاندار کارکردگی کو سراہا ہے۔ آئی جی پنجاب ڈاکٹر عثمان انور نے کاؤنٹرٹیررازم ڈیپارٹمنٹ (سی ٹی ڈی) کے اہلکاروں کی ورکنگ کے حوالے سے خصوصی پیغام میں بتایا کہ سی ٹی ڈی ملکی سلامتی،شہریوں کی جان و مال، کاروبار اور املاک کے تحفظ کی علمبردار ہے،آئی جی پنجاب ڈاکٹر عثمان انورنے کہاکہ شب و روز خاموشی اور محنت سے ملک و قوم کی حفاظت یقینی بنانے کا عظیم فریضہ سر انجام دینے والے ان پراسرار بندوں کی تکریم ہم پر لازم ہے، ڈاکٹر عثمان انور نے کہاکہ سی ٹی ڈی اندرونی و بیرونی دشمنوں، دہشت گردوں کے ناپاک عزائم خاک میں ملا رہی ہے۔ کاؤنٹر ٹیررازم ڈیپارٹمنٹ کے جانباز سپاہی جان ہتھیلی پر رکھ کر ملک دشمن عناصر کا مقابلہ کر رہے ہیں، ڈاکٹر عثمان انور نے کہاکہ سی ٹی ڈی مجرموں کے اندر گھس کر خفیہ انفارمیشن کے حاصل کرکے خطرناک انٹیلی جنس بیسڈ آپریشنز کر رہی ہے بلکہ ساتھ ہی ساتھ دنیا کے جدید ترین کمپیوٹر سسٹم، ہوم میڈ سافٹ وئیرز، آرٹیفیشل انٹیلی جنس، ڈیٹا تجزیے کو بروئے کار لا رہی ہے،ڈاکٹر عثمان انور نے کہا کہ سی ٹی ڈی ملک دشمن عناصر کے خلاف سیٹلائٹ ٹریکنگ، ای گیجٹس، جیو فینسنگ جیسے جدید ٹولز بھی استعمال کر رہی ہے، دنیا کی نامور ایجنسیاں انہی انٹیلی جنس ٹیکنالوجیز اور سافٹ وئیرز کو استعمال کرکے دہشت گردوں کا قلع قمع کر رہی ہیں جو سی ٹی ڈی کاپیشہ ورانہ مہارت اور قابلیت کی عکاس ہے۔ آئی جی پنجاب نے کہاکہ سی ٹی ڈی اور دیگر انٹیلی جنس ایجنسیز کے اہلکار جدید ٹیکنالوجی کے استعمال سے ملک و قوم کا مستقبل محفوظ بنا رہے ہیں اور ان اہلکاروں کی شبانہ روز محنت اور قربانیوں کے نتیجے میں وطن عزیز سے دہشت گردی اور فرقہ واریت کا خاتمہ یقینی ہوا ہے۔ آئی جی پنجاب نے کہا کہ پنجاب پولیس شہریوں کی خدمت اور حفاظت کیلئے شب و روز سرگرم عمل اور کوشاں ہے اور اس مقدس فریضے کی ادائیگی میں کسی قربانی سے دریغ نہیں کیا جائے گا۔
(ہینڈ آؤٹ نمبر 284 )
سیدمبشر حسین
ڈائریکٹر پبلک ریلیشن
پنجاب پولیس
**************************