انسپکٹر جنرل پولیس پنجاب ڈاکٹر عثمان انور نے سروسز ہسپتال لاہور کا دورہ کیا اورڈاکوئوں کی فائرنگ سے زخمی ہونے والے زیر علاج ڈولفن اہلکار محسن یوسف کی عیادت کی۔اے آئی جی آپریشنز ڈاکٹر اسد اعجاز ملہی اور دیگر پولیس افسران آئی جی پنجاب کے ہمراہ تھے۔آئی جی پنجاب نے ڈاکٹروں سے زخمی اہلکار محسن یوسف کی خیریت دریافت کی اورجلد صحت یابی کیلئے دعاکی ، ڈاکٹر عثمان انور نے ڈولفن اہلکار کے بھائی سے علاج معالجے کی سہولیات بارے آگاہی حاصل کی، ہر قسم کے تعاون کی یقین دہانی کروائی۔
آئی جی پنجاب نے ڈولفن اہلکار کا ماتھا چوما اوربھرپور حوصلہ افزائی کی۔ آئی جی پنجاب نے ڈولفن اہلکار سے گفتگو کرتے ہوئے کہاکہ شہریوں کی جان ومال کی حفاظت کے دوران سینے پر گولی کھانے والے آپ جیسے نڈر جوان ہمارا فخر ہیں۔
آئی جی پنجاب نے ایڈیشنل ایم ایس سروسز ہسپتال کو محسن یوسف کو علاج معالجے کی بہترین سہولیات فراہم کرنے کی ہدایت کرتے ہوئے کہاکہ محسن یوسف کے علاج معالجے میں کوئی کسر اٹھا نہ رکھی جائے گی۔
زیر علاج محسن یوسف نے صحت مند ہونے کے بعد جرائم پیشہ افراد کے خلاف اسی جوش و جذبے سے جدوجہد کے عزم کا اظہا رکیا ۔ ڈولفن اہلکار محسن یوسف اپنے ساتھی نعمان کے ہمراہ 26 مئی کی شب ڈاکوؤں کی فائرنگ سے شدید زخمی ہو گئے تھے۔ڈولفن اہلکار نعمان جنرل ہسپتال میں زیر علاج اور روبہ صحت ہیں۔
(روز نامہ جہان پاکستان)
************
