آئی جی پنجاب ڈاکٹر عثمان انور کی زیر نگرانی پولیس فورس کی ہیلتھ ویلفیئر کیلئے اقدامات جاری
مختلف اضلاع کے سنگین امراض کا شکار 19پولیس ملازمین کو علاج معالجے کیلئے01 کروڑ 04 لاکھ سے زائد فنڈز جاری کر دیئے گئے۔
پولیس ملازمین اور اہل خانہ کے بہترین علاج معالجے کیلئے فنڈز میں مزید اضافہ کریں گے،آئی جی پنجاب ڈاکٹر عثمان انور
پنجاب پولیس کے بہادر سپاہی کثیر الجہت چیلنجز کا بڑی جرات اور بہادری سے مقابلہ کر رہے ہیں۔ آئی جی پنجاب
شہریوں کی عزت نفس کا خیال رکھیں،سائلین سے شفقت و احترام سے پیش آئیں۔ڈاکٹر عثمان انور
ظالم کا ہاتھ روکیں، مظلوم کا بازو بنیں، انصاف کی فراہمی یقینی بنائیں، ڈاکٹر عثمان انور
آئی جی پنجاب نے کرائم کنٹرول میں بہترین کارکردگی کے حامل 85 افسران واہلکاروں کو کیش انعامات اور تعریفی اسناد دیں۔
انسپکٹر جنرل پولیس پنجاب ڈاکٹر عثمان انور کی زیر نگرانی پولیس فورس کی ہیلتھ ویلفیئر کیلئے اقدامات جاری ہیں، پولیس فورس کی ہیلتھ سکریننگ کے بعد ویکسینیشن کا عمل جاری ہے اور مختلف عارضوں کے شکار ملازمین اور انکے اہل خانہ کے علاج کیلئے تمام وسائل کو بروئے کار لایا جارہا ہے۔آئی جی پنجاب ڈاکٹر عثمان انور نے کہاکہ پولیس ملازمین اور اہل خانہ کے بہترین علاج معالجے کیلئے فنڈز میں مزید اضافہ کریں گے۔آئی جی پنجاب کی ہدایت پر سنٹرل پولیس آفس کی ویلفیئر برانچ نے مختلف اضلاع کے سنگین امراض کا شکار 19 پولیس ملازمین کو علاج معالجے کیلئے01 کروڑ 04 لاکھ سے زائد فنڈز جاری کر دیئے ہیں۔ ڈی آئی جی ویلفیئر اینڈ فنانس پنجاب غازی صلاح الدین نے بتایا کہ 24مئی کو منعقد ہونے والے میڈیکل فنانشل اسسٹنس کے اجلاس میں مختلف اضلاع سے بھجوائی گئی درخواستوں کا تفصیلی جائزہ لیا گیا اور 19کیسزکیلئے 01کروڑ،04لاکھ، 09ہزار705روپے جاری کرنے کی منظوری دی گئی ہے۔
تفصیلات کے مطابق لاہور پولیس کے ڈرائیور کانسٹیبل عامر حسین کو لیور ٹرانسپلانٹ کیلئے 10 لاکھ روپے دئیے گئے، کانسٹیبل انعام اللہ کو بیٹے کے بون میرو ٹرانسپلانٹ کیلئے 10 لاکھ روپے دیئے گئے، کانسٹیبلز کامران اقبال اور فرحان علی کو بیٹیوں کی کوکلئیر امپلانٹ سرجری (آلہ سماعت) کیلئے 36 لاکھ 60 ہزار روپے دئیے گئے،کانسٹیبل بابر اسرار کو سپائنل اور نیورو مرض کے علاج کیلئے 10 لاکھ روپے دئیے گئے، کانسٹیبل محمد اکرم کو بلڈ کینسر میں مبتلا بیٹی کے علاج کیلئے 10 لاکھ روپے دئیے گئے، کانسٹیبل محمد آصف کو بیٹی کی ڈیجیٹل کمپیوٹرائزڈ پروگرامیبل ہیئرنگ ایڈ کیلئے 10 لاکھ روپے دیئے گئے۔ ڈی آئی جی ویلفیئر پنجاب غازی صلاح الدین نے بتایا کہ مندرجہ بالا کیسز کے علاوہ مختلف اضلاع سے بھجوائے گئے دیگر کیسز کیلئے پر 17 لاکھ روپے سے زائد رقم جاری کی گئی ہے۔ انہوں نے کہاکہ آئی جی پنجاب ڈاکٹر عثمان انور کی ہدایت پر میڈیکل فنانشل کمیٹی کے اجلاس باقاعدگی سے منعقد ہو رہے ہیں اور مختلف اضلاع سے بھجوائی گئی درخواستوں پر بلا تاخیر کاروائی کرکے علاج معالجے کیلئے رقم دی جارہی ہے۔
مزید برآں آئی جی پنجاب ڈاکٹر عثمان انور کی مختلف اضلاع کے افسران واہلکاروں سے ملاقاتوں کا سلسلہ جاری ہے اور اسی سلسلے میں آئی جی پنجاب نے اوکاڑہ اور پاکپتن سے خطاب کیا اور لا ء اینڈ آرڈر اور کرائم کنٹرول میں کانسٹیبل سے انسپکٹر رینک کے اوکاڑہ پولیس کے 75 پاکپتن کے 10 پولیس اہلکاروں کو کیش انعامات اور تعریفی اسناد سے نوازا۔آئی جی پنجاب نے افسران سے خطاب میں کہاکہ پنجاب پولیس شہریوں کی جان ومال کے تحفظ اور قیام امن برقرار رکھنے کیلئے محدود وسائل اور انتہائی نامساعد حالات میں بہترین خدمات سر انجام دے رہی ہے، پولیس کے بہادر سپاہی کثیر الجہت چیلنجز کا بڑی جرات اور بہادری سے مقابلہ کر رہے ہیں۔ آئی جی پنجاب نے فورس کو ہدایت کی کہ دوران ڈیوٹی شہریوں کی عزت نفس کا خیال رکھیں،سائلین سے شفقت و احترام سے پیش آئیں۔ڈاکٹر عثمان انور نے ہدایت کی کہ چوروں، ڈاکوؤں، منشیات فروشوں کی سرکوبی اور امن و امان کو برقرار رکھنا اولین ترجیح بنائیں۔ انہوں نے کہاکہ ظالم کا ہاتھ روکیں، مظلوم کے دست و بازو بنیں، انصاف کی فی الفورفراہمی میں کوئی کسر نہ اٹھا رکھی جائے۔ ڈاکٹر عثمان انور نے کہاکہ بہتر پلاننگ سے پولیس کے سرمایہ کاری منصوبوں کی آمدنی بڑھا کر فورس کی ویلفیئر کیلئے مزید اقدامات شروع کئے ہیں جبکہ 2017 سے پہلے کے شہدا کے ورثا کی رہائش اور ویلفیئر کیلئے انڈوومنٹ فنڈ کا قیام عمل میں لائے ہیں۔ ڈاکٹر عثمان انورنے کہا کہ میرٹ اور سنیارٹی کے مطابق پولیس کے تمام ونگز اور یونٹس میں افسران و اہلکاروں کی ترقیوں کا عمل جاری ہے، رواں ہفتے مزید پروموشن ہونگی۔ آئی جی پنجاب نے کہا کہ سپیشل بچوں کے پراجیکٹ ”میرے پھول“ کے تحت 2250 رجسٹرڈ بچوں کا بہترین علاج معالجہ جاری ہے، پنجاب پولیس ان سپیشل بچوں کی مشکلات کے ازالے کیلئے اپنے ملازمین کے شانہ بشانہ ہمیشہ موجود رہے گی۔ آئی جی پنجاب نے افسران سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ وہ پہلے سے زیادہ محنت اور دلجمعی کے ساتھ شہریوں کی جان ومال کے تحفظ اور جرائم کے قلع قمع کا عمل سر انجام دیں۔ آئی جی پنجاب نے کہاکہ بہترین کارکردگی کے حامل افسران واہلکاروں کو حوصلہ افزائی کا سلسلہ مستقبل میں بھی جاری رہے گا۔ ڈی آئی جی ہیڈ کوارٹرز ہمایوں بشیر تارڑ، اے آئی جی ڈسپلن احسن سیف اللہ سمیت سینئر پولیس افسران نے بھی تقریب میں شرکت کی۔
(ہینڈ آؤٹ نمبر 257 )
سیدمبشر حسین
ڈائریکٹر پبلک ریلیشن
پنجاب پولیس
**************************
