تحفظ مراکز پنجاب پولیس کا برانڈ پراجیکٹ: آئی جی

May 29, 2023

انسپکٹر جنرل پولیس پنجاب ڈاکٹر عثمان انور نے کہا ہے کہ پولیس تحفظ مراکز دیگر صوبوں اور قومی اداروں کے لئے رول ماڈل اور ٹرانسجینڈرز سمیت سماجی ناانصافی کے شکار تمام محروم طبقوں کے حقوق کے تحفظ کے ضامن ہیں،گھریلو تشدد، حقوق نسواں کی پامالی، عدم تحفظ کا شکار خواتین، بے گھر بچوں، ذہنی معذور سپیشل افراد کی امداد کیلئے تحفظ مراکز پنجاب پولیس کا برانڈ پراجیکٹ ہیں جو اپنے قیام سے اب تک سماجی مشکلات کے شکار ہزاروں کمزور افراد و شہریوں کو سماجی تحفظ فراہم کر چکے ہیں۔

ان خیالات کا اظہار ڈاکٹر عثمان انور نے پنجاب پولیس کے انچارج تحفظ سنٹرز اور وکٹم سپورٹ افسران کے ساتھ ایک روزہ انٹریکٹو سیشن اور ورکشاپ سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔

آئی جی پنجاب نے کہا کہ پولیس تحفظ مراکز تشدد، زیادتی، ہراسگی، استحصال کا شکار ٹرانسجینڈرز کمیونٹی، خواتین اور بچوں کو بھرپور قانونی معاونت فراہم کر رہے ہیں جبکہ اب زیادہ سے زیادہ لوگوں کی مشکلات کے ازالے کیلئے ریجنز اور اضلاع کی سطح پر تحفظ مراکز کے پلیٹ فارم سے ٹرانسجینڈرز کی داد رسی کے لئے زیادہ فعال اور موثر کمپلینٹ میکانزم تشکیل دے رہے ہیں، ڈاکٹر عثمان انور نے کہا کہ تحفظ سنٹرز میں کام کرنے والے وکٹم سپورٹ افسران کی کارکردگی میں بہتری کے لئے سکلز ڈویلپمنٹ، پیشہ ورانہ تربیت اور مزید وسائل فراہم کریں گے

(روز نامہ نئ بات)

٭٭٭٭٭٭٭٭٭٭٭