رحیم یارخان ،ڈیرہ غازیخان (نمائندہ خصوصی ،ڈسٹرکٹ رپورٹر )پنجاب پولیس کا کچے کے علاقہ میں ڈاکوؤں اور جرائم پیشہ عناصر کے خلاف آپریشن 47 ویں روز بھی جاری رہا، کیچی بنوں کا مکمل گھیراؤ کر کے علاقہ میں پیشقدمی اور وقفہ وقفہر سے فائرنگ کا تبادلہ جاری جبکہ رحیم یار خان کے علاقہ باغ علی اکبر شاہ کے قریب مقابلہ میں 1ڈاکو ہلاک اور دوسرے فرار ہو گئے ۔
تفصیلات کے مطابق پولیس نے راجن پور کے علاقہ کیچی بنوں کے علاقہ میں پیشقدمی جاری رکھی ،خوف کی علامت بنوں گینگ کے رکن قدیرا بنوں اور انار دین گینگ اراکین سمیت خفیہ پناہ گاہوں میں پناہ گزین ہیں ،پولیس دستوں کا کیچی بنوں کا مکمل گھیراؤ کر کے علاقہ میں پیشقدمی اور وقفہ وقفہ سے فائرنگ کا تبادلہ جاری ہے ۔ علاوہ ازیں پولیس نے رکھ شاہوالی اور زمکانی کے جنگلات میں پٹ اور عمرانی گینگ کی خفیہ کمین گاہوں کو تباہ کر دیا ۔ علاوہ ازیں رحیم یارخان میں لنڈ ڈکیت گینگ کے کارندے کچہ آپریشن میں مصروف پولیس فورس پر حملہ کی نیت سے کچہ کی جانب جا رہے تھے کہ رات گئے مقامی باغ علی اکبر شاہ کے قریب ڈاکوؤں نے پولیس کو دیکھتے ہی فائرنگ کر دی ، جوابی کارروائی میں بدنام زمانہ ڈاکو زاہد عرف بانا ملک اپنے ہی ساتھیوں کی فائرنگ سے ہلاک ہو گیا جبکہ باقی فرار ہوگئے ،ہلاک ڈاکو دس سے زائد سنگین جرائم کے مقدمات میں مطلوب تھا۔
(روز نامہ دنیا)
٭٭٭٭٭٭٭٭٭٭٭